دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پیر چناسی ۔ پاک فوج کے خلاف منظم سازش
میمونہ کیانی ایڈووکیٹ
میمونہ کیانی ایڈووکیٹ
آج کل پاک فوج کو ایک منظم سازش کے تحت سوشل میڈیا پر بہت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ پیر چناسی میں فوج کا کنٹرول ہے اور فوج کی طرف سے رکاوٹیں لگا کر سیاحوں کو مزار شریف پر بھی نہیں جانے دیا جا رہا اور نٹ باؤنڈری پر چسپاں ایک فقرہ ''جس نے دیوار پھلانگنے کی کوشش کی اسکو گولی مار دی جائے گی'' پر بہت تنقید کی جا رہی ہے۔پہلی بات کہ فوج کے جوانوں نے کھبی مزار شریف کے احاطے میں جانے سے نہیں روکا بلکہ صرف اندر گاڑیاں لیکر جانے سے منع کرتے ہیں اور وجہ صرف یہ ہے کہ اندر گاڑیوں کا رش ہو جائے گا اور مشکل سیاحوں کو ہو گی۔
آج بھی بہت سارے مزاروں پر جیسے شاہ ہیبت ولی اعوان چہلہ بانڈی آرمی سپلائی، سلہریاں شریف، نیلم اور ایک چوکی آٹھ مقام، کے سامنے پار فوجی چوکی پر دیا جلانا،دھواں، اگربتی وغیرہ کی ڈیوٹی ہمارے پاک فوج کے جوان انجام دیتے ہیں مزار شریف کے اندر جھاڑوں تک دیتے ہیں۔اور جو گولی مارنے والا فقرہ دکھایا جا رہا ہے وہ تو پاک فوج کی رہائش گاہ کے باہر لکھا ہوتا ہے اور نہ صرف فوج بلکہ ایک عام شہری کی چار دیواری پھلانگنا جرم ہے ۔
وطن عزیز کو دہشت گردی جیسے عظیم بحران سے نکالنے والی،آپریشن ضرب عضب ہو یا ردالفساد،سرحدوں پر دشمن کی بلا اشتعال فاہرنگ ہو یا عروس البلاد کے امن و امان کا مسلہ اسکی حفاظت کرنیوالی فوج،وطن کے لاکھوں شہداء نے جو قربانیاں دے کر شمع آزادی جلائی تھی اس شمع آزادی کو اپنی شریانوں سے گرم لہو ٹپکا کر اس کی جاں بخش تمازت کو برقرار رکھنے والی یہ پاک فوج ہی ہے جو پچھلے 73 سالوں سے وطن عزیز کی آزادی خود مختاری اور ملکی سالمیت کی بقا کی خاطر سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی ہے۔ہم یہ کیسے بھول سکتے ہیں کہ سیلاب و زلزلے جیسی ناگہانی آفات میں خود اپنی جانوں پر کھیل کر انسانی جانوں کو بچانے والی بھی یہی فوج،ہزاروں میل پیدل چل کر متاثرین زلزلہ و سیلاب زدگان تک اپنے کاندھوں پر خیمے،کھانے پینے کاسامان پہنچانے والی فوج،مریضوں و زخمیوں تک ادویات پہنچانے والی یہ فوج،میتوں کو کندھا دینے سے لیکر تدفین کے مراحل طے کرنے والی یہ فوج ہی ہے۔
پاکستان کی قابل فخر اور ناقابل تسخیر فوج جس نے بھارتی طیارہ مگ21 مار گرایا اور پائلٹ ونگ کمانڈر ابی نندن کو زندہ گرفتار کیا اور دشمن کے عزائم خاک میں ملا دہیے۔یہی فوج ہمارا مان ہے اور یہی فوج ہمارا وقار ہے۔مگر افسوس کہ کچھ نا عاقبت اندیش اور ملک دشمن عناصر کے حمایتی اپنی اس عظیم اور بہادر فوج کی طاقت بننے کے بجائے ان پر تنقید کا باعث بن رہے ہیں۔ان عظیم محسنوں کی لازوال قربانیوں پر فخر کرنے کے بجائے انکے خلاف سازشوں کا حصہ بن رہے ہیں۔پاک فوج کی قربانیوں کا صلہ نہیں دے سکتے تو ان کی قربانیوں کو یکسر فراموش تو نہ کریں۔اس ماں کے درد کا ہی احساس کر لیں جو جواں سال لخت جگر محاذوں پر دعائیں دے کر بھیجتی ہیں کہ جاؤ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کرو اور واپس بیٹا نہیں جوان بیٹے کا لاشہ آتا ہیتو وہ عظیم ماں جس کا سب کچھ لٹ چکا بجائے آہ و زاری کرنے کے فخر سے کہتی ہے ایسے دس اور بیٹے بھی ہوتے تو میں ان کو بھی وطن کی حرمت پر لٹا دیتی۔پاک فوج کو غدار کہنے والو ذرا ان نھنے معصوموں کے پاش پاش ہوتے جذبوں کے کرب و ازیت کا ہی اندازہ کر لیتے جو ہر عید، ہر شب برات پر اپنے ہر جنم دن پر اپنے بابا کی راہیں تک رہے ہوتے ہیں مگر ان کے بابا تو وطن عزیز کے بچوں کی خوشیوں کی حفاظت کرتے سرحدوں پر پہرہ دیتے اپنے بچوں کی خوشیاں خاک میں ملا دیتے ہیں،ان کے بابا آئے تو ہیں مگر تابوت میں بند اور تحفے میں ان کی خون آلود وردی آتی یے۔ایک بار پھر پاک فوج کو بدنام کرنے کی ناپاک سازش ہو رہی ہے اور اس سازش کا حصہ بن کر خود کو بہادری کا تمغہ دینے کی کوشش میں پاک فوج کے بہادر جوانوں کو غداری کا سرٹیفیکیٹ دینا یہ کون سی حب الوطنی ہے؟
یہ پاک فوج ہی ہے جس نے2005 کے قیامت خیز زلزلے میں جب کشمیری اپنا سب کچھ کھو چکے تھے ان کشمیریوں کی نہ صرف خدمت کی بلکہ دوبارہ اپنے پائوں ہر کھڑا ہونے میں مدد کی۔وہ فوجی جوان ہی ہیں جن کی وجہ سے سیز فائر لائن کے قرب و جوار میں رہنے والے کشمیری بے خوف و خطر چین کی نیند سوتے ہیں۔ کسی ایک آدمی سے اختلاف کی وجہ سے وطن کے باقی محسنوں کو گالم گلوچ کرنا ان پر تنقید کرنا الزام تراشی کرنا جسکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں یہ دراصل پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے اور اداروں کو آپس میں لڑانا دشمن کی سوچی سمجھی چال ہے جس کے آلہ کار اور سہولت کار بن کر بھارت کو خوش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔دشمن تاک میں ہے کہ ہم اندرون خانہ جنگی کا شکار ہو کر اپنے ہی گھر کو کمزور کریں اور وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو جائے۔آئیے مسلح افواج پاکستان کی قوت اور طاقت بنیں،انکے حوصلے بلند کریں۔قابل فخر فوج کا بازو بن کر دفاع وطن کو نا قابل تسخیر بنا دیں اور دشمن کے مکروہ عزائم کو ناکام بنا دیں۔
وطن پاک کہ عظمت کے سہارے تم ہو
مجھے خود اپنے نغموں سے بھی پیارے تم ہو
کتنے پامرد ہو تم،کتنے جری،کتنے کریم
مجھ سے پوچھو تو کہ دراصل تم ہو کتنے عظیم
ظرف ایثار کے تابندہ ستارے تم ہو
وطن پاک کی عظمت کے سہارے تم ہو
پاک فوج زندہ باد۔

واپس کریں