2021کا الیکشن تحریک آزادی کشمیر کو پس پشت ڈالنے والوں کے خلاف لڑا جائے گا، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر
No image باغ(9جون2021)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ 2021کا الیکشن تحریک آزادی کشمیر کو پس پشت ڈالنے والوں کے خلاف لڑا جائے گا، مسلم لیگ ن نواز تحریک آزادی کے موقف پر ایک قدم پیچھے نہیں ہٹی اور نہ ہی ہٹے گی، پیسے کے زور پر کشمیر کو فتح کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ یہ شہدا اور غازیوں کی سر زمین ہے یہاں پر غیرت مند کشمیری آباد ہیں اچھل کود اور دھونس دھاندلی کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، غربی باغ کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھنے والے اپنے انجام کو پہنچ چکے، مسلم لیگ نواز نے ریاستی ادارے مضبوط کر کے مضبوط ریاست کی بنیاد رکھ دی ہے، میرٹ کی بالا دستی اور شفاف نظام کے ذریعے روز گار کو آسان بنا دیا ہے، کونسل کے خاتمے سے ریاست معاشی طور پر مزید مضبوط ہوئی ہے پانچ سالوں میں عوام نے زمین پر کام ہوتے ہوئے دیکھا ہے آمدہ الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے، کشمیر ی عوام کے حقوق پر آج تک نہ کسی کو ڈاکا ڈالنے دیا نہ ڈالنے دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع باغ کے حلقہ غربی میں چھپڑیاں گھوڑی کیر پانچ کلو میٹر پختہ سڑک کے سنگ بنیاد پر منعقدہ جلسہ عام سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا غربی باغ پہنچنے پر ہزاروں کارکنان نے فقید المثال استقبال کیا، غربی باغ کی فضا دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا کے نعروں سے گونج اٹھی، سینکڑوں کی تعداد میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور وزیر اعظم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، اس موقع پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سے راجہ فاروق، اورنگزیب خان، نواز خان کی قیادت میں سینکڑوں کارکنان مستعفی ہو کر مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے جنہیں وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے ہار پہنائے اور خوش آمدید کہا،وزیر اعظم نے مزید پانچ کلو میٹر پختہ سڑک دینے،بوائز مڈل سکول کو ہائی کا درجہ دینے، گھوڑی کیر چھپڑیاں سڑک کو مکمل ری کنڈیشنگ کرنے اور پانچ کلو میٹر سے زائد پختہ سڑک تعمیر کرنے کا اعلان بھی کیا، جلسہ عام کی صدارت مفتی ابراہیم نے کی جبکہ جلسہ عام سے راجہ افتخار ایوب، فیصل آزاد، راجہ عنصر شفیق، اشفاق ایڈووکیٹ، محمد فاروق، افتخار افضل، سرفراز، راجہ رئیس سمیت دیگر درجنوں سنیئر کارکنان نے خطاب کیا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہم نے اپنے پانچ سالہ دورہ اقتدار میں ختم نبوت کا بل پاس کر کے قادیانی فتنے کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے، این ٹی ایس کا نفاذ کر کے پڑھے لکھے طبقے کے لیے با عزت روز گار آسان بنا دیا ہے اب کوئی نوکریوں کی بنیاد پر سیاست نہیں کر سکے گا بلکہ میرٹ پر آنے والے خود اس نظام کے ذریعے با عزت روز گار لے سکیں گے اور قابل لوگ سامنے آئیں گے، انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل کے خاتمے سے ریاستی وسائل میں اضافہ ہوا ہے اور تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز ملے ہیں جس سے ریاست کے کونے کونے میں تعمیر و ترقی ہو رہی ہے اور ریاستی عوام خوشحالی کیطرف گامزن ہے، انہوں نے کہا کہ غربی حلقہ میرا اپنا حلقہ ہے جس کی تعمیر و ترقی میری ذمہ داری ہے یہاں کے کارکنان کو کسی صورت مایوس نہیں ہونے دونگا، نئے شامل ہونے والے کارکنان کی عزت نفس اور انکے بہترین مقام کی ذمہ داری لیتا ہوں مسلم لیگ نواز اپنے کارکنان کے حقوق کے تحفظ اور عزت نفس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرتی، نئے تمام شامل ہونے والوں کو اعلی قیادت میاں محمد نواز شریف، میاں شہباز شریف، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال کیطرف سے مبارکباد دیتا ہوں جلد مرکزی قیادت خود آزاد کشمیر کے کارکنان میں موجود ہو گی اور غربی حلقے میں ہم دو دن مکمل پڑھا ڈالیں گے اور ہر جگہ پر خود جانگا اور کارکنان کے مسائل خود سن کر انکے ازالے کے لیے کوشش کرنگا۔
واپس کریں