امن و امان اور عام انتخابات میں آزادکشمیر پولیس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان
No image مظفرآباد(11جون 2021) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں امن و امان کے قیام اور آئندہ عام انتخابات کے حوالہ سے آزادکشمیر پولیس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آزادکشمیر پولیس نے محدود وسائل کے باوجود بہترین کا م کیا جس کی وجہ سے آج ریاست کے اندر ایک پرامن ماحول ہے اور جرائم کی شرح دیگر علاقوں کی نسبت کم ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین محسود نے میرے ساتھ سب سے زیادہ 27ماہ کام کیا۔ آپ ایک دیانت دار اور بہترین انسان تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔ ان کے دور میں ہم نے ٹورازم پولیس کا آغاز کیا، پولیس سٹیشنز کی عمارات تعمیر ہوئی اور پولیس کو کچھ ضروری وسائل فراہم کیے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پولیس پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں تاکہ جرائم کی شرح مزید کم ہو سکے اور بدلتے حالات اور چلینجز میں آزادکشمیر میں کاؤنٹر ٹریرازم ڈیپارٹمنٹ کا قیام ناگزیر ہے۔اس حوالہ سے حکومت پاکستا ن سے وسائل مانگے ہیں۔ آزادکشمیر پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور دیگر مسائل کو انشااللہ حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین محسود کے اعزاز میں ایوان وزیراعظم میں اپنی جانب سے دیے گئے الوداعی عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزراء کرام ڈاکٹر نجیب نقی خان،نورین عارف، مصطفی بشیر،جاوید اقبال، مشیران کرام سردار نسیم سرفراز، امداد علی طارق، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان،جملہ سیکرٹری صاحبان ودیگر اعلیٰ پولیس آفیسران بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ صلاح الدین محسود نے خود دہشت گردی کا سامنا کیا لیکن دلیری اور بہادری سے ڈٹے رہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا اصل چہرہ اس کا پولیس سٹیشن ہے کیونکہ وہاں عوام اپنی مشکلات، مسائل اور پریشانیاں لے کر آتے ہیں۔ اور جب تک اسے بہتر نہیں کیا جاتا پولیس کا مثبت چہر ہ سامنے نہیں آ سکتا۔ہم نے پولیس میں ساڑھے چھ سو بندے میرٹ پر بھرتی کیے۔نہ میں نے اور نے میر ے وزراء نے کسی ایک کی بھی کوئی سفارش نہیں کی۔اور اس کے علاوہ کنٹریکٹ پر لگے ہوئے پولیس ملازمین کو مستقل کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر پولیس کے آفیسران انتہائی ذہین اور قابل ہیں۔ جنہوں نے نہ صرف آزادکشمیر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ پولیس کا کام قانون کااحترام کروانا ہے اور شہریوں کی حفاظت کی ذمہ داری ان پر ہے۔ آئندہ انتخابا ت میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کوبرقراررکھنا پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہماری پولیس اس حوالہ سے فرائض پورے کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ رخصت ہونے والے انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین محسود سے ذاتی تعلق رہا اوران کے ساتھ اچھا وقت گزرا۔ ان کے لیے زندگی میں کامیابیوں کے لیے دعا گو ہوں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ وزیرا عظم آزادکشمیرکی سربراہی اور سرپرستی میں ہم نے نتائج دیے اور محدود وسائل کے اندر ہم نے ٹورازم پولیس قائم کی، جدید لیبارٹری قائم کی، ہم نے مختلف تھانوں کی عمارات تعمیر کی اور ضروری وسائل فراہم کیے۔صلاح الدین محسود نے کہا کہ وزیر اعظم کا خاص طور پر اس لیے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے بلا کر کہا کہ یہ 650 نوجوان خالصتا میرٹ پر لگنے چاہیے اور مجھے خوشی ہے کہ کسی ایک بھرتی کی بھی شکایت نہیں ہوئی۔ آزادکشمیر سے بہت گہراتعلق رہا،یہاں کی محبت میرے دل کا انمول حصہ بن گئی ہے اور انشااللہ جب تک زندہ ہوں یہ تعلق برقرار رہے گا۔
٭٭٭٭

واپس کریں