شہباز شریف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ملاقات
No image اسلام آباد(12جون2021)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم و صدرمسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان کی اسلام آباد میں ملاقات۔ ملاقات میں میاں محمد شہباز شریف کا وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر اور وہاں کے عوام کی ترقی کے لئے کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور ان کی ٹیم نے کورونا وبا سے عوام کو بچانے کے جس محنت اور جذبے سے کام کیا، وہ لائق تحسین ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے عوام نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پر ایک بار پھر اپنے اعتماد کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے دونوں طرف کے کشمیری پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اپنا حقیقی ترجمان، کشمیریوں کے مفادات اور نظریے کا امین سمجھتے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حق استصواب رائے کے حصول اور آزادی تک ان کے شانہ بہ شانہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
ملاقات میں وزیراعظم آزادجموں وکشمیر صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے صدرپاکستان مسلم لیگ ن کو آزاد جموں و کشمیر کے بجٹ اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا ۔راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اس وقت آزادکشمیر کی سب سے بڑی جماعت ہے ، گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ہم نے آزادکشمیر کے عوام کی خدمت کی ،73سالوں سے زیر التواء مسائل مسلم لیگ ن نے حل کیے ۔ محمد نوا ز شریف کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر کے عوام سے 2016میں جو وعدے کیے گئے تھے ان پر عملدرآمد کیا گیا۔ آزادکشمیر میں گزشتہ پانچ سالوں میں ریکارڈ تعمیر وترقی ہوئی ، آزادکشمیر میں رہنے والا ہر شخص مسلم لیگ ن کے دور کی تبدیلی محسوس کررہا ہے ، حکومت کے آخری دنوں میں بھی لوگ جوق درجوق مسلم لیگ ن میں شامل ہورہے ہیں جو عوام کا ہماری کارکردگی پر اعتماد کا مظہر ہے ۔ ملاقات میں وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدر خان نے انتخابات میں پارٹی امیدواروں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
واپس کریں