آزادکشمیر میں مکئی کے جدید ورائٹی کے بیج کی کاشت اور تیاری کا عمل جاری
No image مظفرآباد(17 جو ن 2021 ء) محکمہ زراعت کے زیر اہتمام کراپ میکسی مائزیشن (Crop Maximization) پروگرام کے تحت آزادکشمیر بھر میں مکئی کے جدید ورائٹی کے بیج کی کاشت اور تیاری کا عمل جاری ہے۔ یہ پروگرام 03 سال کے لیے شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پورے آزادکشمیر میں مرحلہ وار تین سالوں میں 480 ایکڑ رقبہ پر جدید بیج کاشت کیے جائیں گے۔ جبکہ رواں سال 160 ایکڑ اراضی پر کاشت کی جائے گی۔ اس طرح ضلع مظفرآباد کے 25 ایکڑ رقبہ پر جدید ورائٹی کا بیج کاشت کیا جا ئے گا۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان کے مختلف ریسرچ سینٹرز سے بیج کی جدید ورائٹی حاصل کر کے اسے کاشت کیاجا رہاہے جس کے بعد اپنے طور پر بیج پیدا کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں گذشتہ روز محکمہ زراعت توسیع مرکز کہوڑی کے عملہ نے زراعت آفیسر کی نگرانی میں پر سچہ کے مقام پر 40 کنال اراضی پر جدید ورائٹی کا بیج کاشت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زمینداروں کو اس فصل کے حوالہ سے تربیت بھی دی اور اس سے خاطر خواہ نتائج حاصل کرنے کے حوالہ سے ہدایات دیں۔پروگرام کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر /انچارج پروگرام وقاص عبداللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت محکمہ زراعت زمینداروں کی بھر پور معاونت کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔Crop Maximizationپروگرام کے تحت جدید ورائٹی کے بیج کاشت کر کے بیج کی اچھی اقسام اپنے طور پر پیدا کرنا زرعی شعبہ میں ترقی کی جانب اہم قدم ہو گا۔ اس سلسلہ میں سرگرم عمل ہیں اور رواں سیزن میں محکمہ زراعت کے عملہ نے مختلف مقامات پر پلاٹ لگا نے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔ زمینداران اس منصوبہ سے خاطر خواہ استفادہ کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف مقامی سطح پر ان کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ ریاست کی معیشت کی بہتری میں بھی زراعت کا شعبہ اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے گا۔

واپس کریں