مسلم لیگ ن کا مقابلہ کوئی جماعت نہیں کر سکتی ،مرتضی گیلانی کی کامیابی کے لئے بھرپور کوشش کریں گے،وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان
No image مظفرآباد ( 17جون2021)وزیراعظم و صدرمسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ایسے لوگوں کو آگے لانے کی کوشش کی جارہی ہے جو ہر بات پر ''یس '' کہیں ، آزادکشمیر کو ہر گزصوبہ نہیں بننے دیں گے، کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے ، انہوں نے جس مقصد کیئلے قربانیاں دیں اپنے شہیدوں کو پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں دفناتے ہیں ان کو نہ بھولیں گے نہ بھولنے دیں گے ، ووٹ اس کو دیں جو آپ کی شناخت اور تشخص برقرار رکھے ، آزادکشمیر کا خطہ موجود ہے تو تحریک آزادی کو کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ مسلم لیگ ن کا قافلہ بڑھتا ہی رہے گا ، اللہ کے فضل و کرم سے اس میں کمی نہیں آئے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار برائے حلقہ لچھراٹ پیر سید مرتضی گیلانی کی رہائشگاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان کا پیر سید مرتضی علی گیلانی کی رہائشگاہ آمد پر فقید المثال استقبال کیا گیا ، مظفرآباد شہر سے لیکر پیر سید مرتضی گیلانی کے گھر تک راجہ محمد فاروق حیدرخان کے خیرمقدمی بینروں کی بھرپور ، وزیراعظم مرتضی گیلانی کی رہائشگاہ پہنچے تو کارکنوں نے زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے قائد کشمیر کو ویلکم کیا ۔ مسلم لیگی کارکنان نے مرتضی گیلانی کو ٹکٹ دینے کے فیصلہ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حلقہ سے بھاری اکثریت سے کامیاب کروانے کا عز م کیا۔
راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ پارلیمانی بورڈ سے مشاورت کے بعد پارٹی ٹکٹ سید مرتضی علی گیلانی کو جاری کیاگیا۔ مرتضی گیلانی کی کامیابی کیلئے بھرپور کوشش کریں گے ۔ یہ فیصلہ حلقے کے عوام کے مفاد کیلئے کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ جو کارکردگی مسلم لیگ ن نے دکھائی اگر کسی اور کے پاس ہے تو وہ دکھائے ، کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کا مقابلہ کوئی جماعت نہیں کر سکتی ،اپنے آپ کو عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں ، آج مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے والے سر فخر سے بلند ہے ، جب وزیراعظم بنا تو سرکاری خزانہ خالی تھا آج اللہ کے فضل و کرم سے سات ارب روپے موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے مفاد کو مقدم رکھ کر کام کیا کوئی بھی شعبہ دیکھ لیں ہماری کارکردگی نظرآئے گی۔ کشمیر بینک کو شیڈول بینک بنارہے ہیں تاکہ یہاں خوشحالی آئے۔ عوامی نمائندوں کا کام نوکریاں دینا نہیں اس لیے ہم نے گریڈ سات سے لیکر پندرہ تک این ٹی ایس نافذ کر دیا تاکہ اب کوئی کسی کو نوکریوں کا لالچ نہ دے سکے۔ انہوں نے کہاکہ سردار عتیق خان سے اختلاف ذاتی نہیں تھا انہوں نے دارلخلافہ منتقل کرنے کی کوشش تو ان کو صاف کہہ دیا کہ اب ہم ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔
واپس کریں