دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مودی نے کشمیرمیں غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے، وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کا شاردہ میں عوامی جلسے سے خطاب
No image نیلم۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہاہے کہ لائن آف کنٹرول پر شہید ہونیوالے سویلین کے ورثا کو حکومت آزادکشمیر نے اپنے بجٹ سے ماہانہ 3ہزار روپے فی کس کی منظوری دیدی ہے،لائن آف کنٹرول پر شہید ہونیوالے افراد کی اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری اب ریاست اٹھائے گی۔آزادکشمیربھر کی عوام وادی نیلم کے غیوراوردلیر لوگوں کی شکرگزار ہے جنہوں نے بے پناہ مصائب جھیلے مگرسمجھوتہ نہیں کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ ہماری درخواست پرسابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے لائن آف کنٹرول پر شہید ہونیوالے افراد کامعاوضہ ڈیڑھ لاکھ سے بڑھاکر 10لاکھ روپے کردیا۔ شدید زخمی، معذور کو 5لاکھ اسی طرح جائیداد، املاک کے معاوضہ جات میں کئی گنااضافہ کیاہے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بعد لائن آف کنٹرول کے عوام نے قربانیاں دیں۔بزدل ہندوستانی فوج نیلم سمیت ایل او سی کے شہریوں ان کی املاک، جان،ایمبولینسز، سکولز کو اس لیے نشانہ بناتے ہیں کہ ہم پاک فوج کاساتھ چھوڑ کرپیچھے ہٹ جاہیں،پاک فوج قابض نہیں ہماری آزادی کی محافظ فوج ہے۔ ہم آخری دم تک فوج کے ساتھ کھڑے رہینگے۔مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج قابض اور جارح ہے۔5اگست کے بعد مودی نے غیراعلانیہ جنگ چھیڑ دی ہے۔ پاک فوج کی پشت پرآزادکشمیر کے لوگ کھڑے ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر تحصیل ہیڈکوارٹر شاردہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر سپیکر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر، وزیر جنگلات سردار میر اکبرودیگر نے خطاب کیا۔ شاردہ آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کاپرجوش نعروں سے شاندار استقبال کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر شاردہ واٹر سپلائی سکیم، اسپتال کی تعمیر کابھی اعلان کیا۔
راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ نیلم ویلی کے خوبصورت حسن کو تعفن زدہ ہونے سے بچاناہوگا۔پرفضامقامات پرشاپنگ بیگ لیجانے کی مکمل پابندی ہوگی۔میاں محمد نوازشریف نیلم کو گلگت سے ملانا چاہتے تھے انہوں نے ہماری مدد کی ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا اور ہم آپ کی خدمت کرنے کے قابل ہوئے۔ محکمہ جنگلات سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کرے۔مقامی لوگوں کو کوٹے کے تحت لکڑی دی جائے۔ پرانی امثلات کوختم کیاجائے۔ ہم پورے نیلم اور محفوظ علاقہ قراردینا چاہتے ہیں؛۔ یہاں قیمتی نباتات وجنگلی حیات کوبھی حفاظت یقینی بنائیں گے؛ ٹراٹ فش کی تجارتی بنیادوں پرپیدوار شروع کی جائیگی جس سے مقامی سطح پر روزگار ملے گا۔ نوجوان نیلم کو صاف ستھرابنانے میں رضاکارانہ بنیادوں پراقدامات اٹھاہیں۔مسلم لیگ ن کی حکومت نے میرٹ بحال کیا۔ قادیانیوں کوغیر مسلم قراردیا۔ شاردہ میں سول جج کی مستقل اسامی، سرگن سڑک، نظام آباد (میتاں والی سیری)کالونی کی ملکیت، میتاں والی سیری کے بے گھر افراد کے لیے مکانیت کی فراہمی کابھی اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہم نے میرٹ بحال کیا۔عوام کو ان کی دہلیز پر حقوق فراہم کیئے کسی کو صرف اس لیے نظرانداز نہیں کیاکہ وہ ہمارا حمایتی نہیں۔ہم نے صرف نیلم ویلی میں جتنی کلومیٹر سڑک دی اور کسی اور جگہ نہیں دی راجہ فاروق حیدر خان نے کہاکہ آزادکشمیر کے اندر چارسالوں کے کام کا کسی بھی حکومت سے تقابلی جائزہ لیکر دیکھیں لیں۔ ہم نے خدمت کی۔،آمدن میں اضافہ کیاجس کے باعث عوام کی خدمت کرنے میں کامیاب ہوئے؛۔تیروہویں ترمیم کے بعد ریاست مالیتی طور پر خودکفیل ہوئی۔
جلسہ سے سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیراور پاکستان میں واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔ پی ٹی آئی نے پاکستان کا برا حال کر دیاآزاد کشمیر میں ان کو کوئی پذیرائی نہیں، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں متحد ہے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائیں گے۔ سازشی عناصر کو منہ کی کھانی پڑے گی کوئی ہمارے اتحاد کو کمزور نہیں کر سکتا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ماربل سے شاردہ تک فقید المثال استقبال عوام کا میاں محمد نواز شریف، شہباز شریف،مریم نواز سے محبت کا عملی اظہار ہے۔ نیلم کی تعمیر و ترقی کا کریڈٹ وزیراعظم کو جاتا ہے، میں کابینہ کا حصہ نہیں ہوں مگر وہاں میری نمائندگی وزیر اعظم نے کی، ہمارا مستقبل کا سفر ن لیگ کے ساتھ ہے موسمی پرندوں کا آزاد کشمیر کی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں۔ نیلم میں 10،10سال حکومت کرنے والوں کو عوام کی خدمت کرنے کی توفیق نہیں ہوئی، مسلم لیگ ن کے دور کے کام زمین پر نظر آ رہے ہیں۔ آخر میں شہدا سرگن کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جنگلات سردار میر اکبر نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کشمیر کونسل کی غلامی سے نجات دلائی جرات اور دلیری کے ساتھ آزاد کشمیر کے حقوق کا مقدمہ لڑااور وہ کامیابیاں حاصل کیں جو کسی اور کے حصے میں نہیں آئیں۔ آزاد کشمیر کی قیادت قابل فخر ہے۔ سپیکر آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر پر عوام نے جو اعتماد کیا اس کا انہوں نے اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے بھر پور صلہ دیاہے۔
دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے تحصیل پریس کلب شاردہ کے عہدیداران اخترحسین بخاری سرپرست اعلی، سردار اورنگزیب صدر، محمد سلیم لولابی خان سینئر نائب صدر، سیکرٹری جنرل امجد اقبال میر، وقار عزیز سیکرٹری مالیات، سکندر مغل آف کیل ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، محمد اقبال سیکرٹری ریکارڈ، آفتاب مغل سیکرٹری اطلاعات سے حلف لیا۔ اس موقع پر سپیکر شاہ غلام قادر، وزرا حکومت سردار میر علی اکبر خان، وزیر حکومت جاوید، مختلف محکمہ جات کے اعلی آفیسران سول انتظامیہ اور پولیس حکام کے علاوہ عوام الناس کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعظم آزادکشمیر کو تحصیل پریس کلب شاردہ کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے تحصیل پریس کلب کے لیے 2لاکھ روپے فنڈز کی فراہمی کابھی اعلان کیا۔
واپس کریں