الیکشن2021،آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے اقدامات
No image مظفرآباد(21 جون 2021) آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور چیف کمشنر اسلام آباد کو آزادجموں وکشمیر قانون سازا سمبلی کے آمدہ عام انتخابات 2021 کے لیے سیاسی جماعتوں اور امیدواران وغیرہ کے لیے جاری شدہ ضابطہ اخلاق کی پابندی اور انتخابات کے دوران ووٹر ان کو پُرامن ماحول میں حق رائے وہی استعمال کرنے کے سلسلہ میں جملہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مورخہ 18جون 2021 کو ہونے والے اجلاس میں پیش آمدہ تجاویز کی روشنی میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایت جار ی کرنے اور پولنگ والے دن پولنگ اسٹیشن پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر ضروری انتظامی اقدامات کی تحریک کر دی ہے۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ حکومت پاکستان سے پولنگ اسٹیشن پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی خاطر پاک آرمی، رینجرز، پنجاب/فرنٹیئر کنسٹیبلری کی تعیناتی کے لیے بھی تحریک کر دی ہے۔ اس سلسلہ میں چیف سیکرٹری آزادجموں وکشمیر سے بھی تحریک کی گئی ہے کہ وہ بھی پولنگ اسٹیشن پر مطلوبہ فورس کی تعیناتی کے لیے حکومت پاکستان سے رابطہ کر کے فورس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر کو یہ تحریک بھی کی گئی ہے کہ حکومت پاکستان اور چاروں صوبائی حکومتوں کے مجاز اداروں سے رابطہ کرتے ہوئے اس امرکوبھی یقینی بنائیں کہ حکومت پاکستان، چاروں صوبائی حکومتوں اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے عمائدین بھی جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور سرکاری وسائل کے استعمال اور آزادکشمیر یا پاکستان کے اندر مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کے حلقوں کی نسبت کسی ایسی سکیم یا منصوبے کے اعلان سے گریز کریں جو آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبد ارانہ انتخابات کے انعقاد پر اثر انداز ہو سکے۔ یہ بات سیکرٹری آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتائی گئی۔

واپس کریں