یہ آزاد کشمیر کی بقاء کا الیکشن ہے ، پی ٹی آئی سیاسی کورونا ہے، وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان
No image مظفرآباد( 23جون2021) وزیراعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت مسلم لیگ ن یونین کونسل کھلانہ اور یونین کونسل چناری گجر بانڈی یونین کونسل چکہامہ کے عہدیداران کا اجلاس، کارکنان کے گلے شکوے دور، فاروق حیدر غیرت کشمیر ی اور ہمارا فخر ہیں ان کی انتخابی مہم کارکن چلائیں گے، کوئی اور جیت کر نا وزیراعظم بن سکتا ہے نا ہی فاروق حیدر کا مقابلہ کرسکتا ہے،ہم اپنے تحفظات 25 جولائی کے بعد رکھیں گے نازک مرحلے پر بے غیرتی اور بیوفائی نہیں کرسکتے‘ کارکنان کا عزم۔ اجلاس سے مرکزی جائنٹ سیکرٹری عجائب ہمدانی، ممبر مرکزی مجلس عاملہ مرزا آصف، ضلعی صدر مسلم لیگ ن فرید خان، آمین کاظمی،عمیر کیانی، راجہ نثارخان، قاضی منظور،مولوی مشتاق،راجہ شیرزمان،میر خالد لطیف سمیت تمام یونین کونسلز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں راجہ محمد فاروق حیدرخان کی انتخابی مہم کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم و صدرمسلم لیگ ن راجہ محمد فارو ق حیدرخان نے کہا کہ قسم اٹھا کر کہتا ہوں یہ الیکشن ہماری بقا کا الیکشن ہے۔ کسی کے وہم گمان میں نا تھا کہ مودی کیا کریگا،سقوط ڈھاکہ کے وقت 54 ہزار فوجی قید تھے اندرا گاندھی نے ملک توڑ دیا تھا مگر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم نہیں کی،آج ہمارا وزیراعظم کہتا ہے میں فون کرتا ہوں ہندوستان جواب ہی نہیں دیتا،اُن کا وزیر خارجہ 43 ملکوں میں گیا اور ہمارا کتنے میں گیا؟ پی ٹی آئی سیاسی کورونا ہے اگر خدانخواستہ یہاں آگیا تو آزادکشمیر میں کوئی نہیں ملے گا۔کلمہ پڑھ کر کہتا ہوں کہ اگر سمجھوتہ کر لیتا تو آج انتخابی مہم چلانے کی بھی نوبت نہ آتی، کشمیر میری ماں کی طرح ہے اس کے ساتھ دھوکہ نہیں کر سکتا۔ 2018 کا الیکشن دھاندلی سے جیتا گیا،آدھا پاکستان پنجاب، کے پی کے بنی گالہ سے چلایا جاتا ہے،کوئی بندا اس کے آگے بات نہیں کرسکتا یہ سارے عمران خان کے چہرے کو دیکھتے رہیں گے، پنجاب اور کے پی کے میں وہاں کے وزرا اعلی ڈمی اصل اختیار کہیں اور ہے۔جتنے لوگ چھلانگیں لگا رہے ہیں وہ پچھتائیں گے پاکستان کا حشر دیکھ لیا ہے اگر وہی مہنگائی غربت بدحالی یہاں آنے سے روکنا چاہتے ہیں تو پھر میرا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کے لوگ استقامت کے ساتھ کھڑے رہے،کام ہوتا ہے تو غلطیاں بھی ہوتی ہیں، میرے حلقے کے لوگوں نے ہمیشہ میرا مان رکھا، ہر یونین کونسل کے ذمہ داران کے ساتھ نشست کا اہتمام رکھا ہے، زلزلہ ہو یا کوئی آفت جان بوجھ کر کسی کو نا تکلیف پہنچائی نا اس سے پہلو تہی کی۔مجھے فخر ہے کہ حلقے کے لوگ میرے ساتھ کھڑے ہیں، نواز شریف نے آزادکشمیر کے لوگوں کو بھی برابر کا شہری سمجھا، جو مرضی ہو نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 36 سال آپ کی اپنی بساط کے مطابق خدمت کی، اجتماعی کام کیے، وزیراعظم کا عہدہ امانت ہے۔ میرے پاس آج بھی کوئی ذاتی گاڑی نہیں، میں نے کرپشن نہیں کی‘ وزیراعظم کا عہدے میں خیانت نہیں کی۔ میرے خلاف نہ کوئی کیس ہے نا میری کوئی فائل،اگر میرا دامن صاف نا ہوتا تو کھری بات نا کرسکتا،آپ کو کوئی یہ طعنہ نہیں دیگا کہ آپ کے نمائندے نے کرپشن کی یا ناجائز کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے تاریخی تیرہویں آئینی ترمیم کی، ہم نے مالیاتی خودمختاری حاصل کی جس سے یہاں تعمیر وترقی کا انقلاب آیا، سب سے بڑ ا کام ہم نے ختم نبوتؐ کو آزادکشمیر کے آئین کا حصہ بنایا، ایک جماعت نے اس وقت کہا کہ اس کو پاس کرنے سے مقبوضہ کشمیر منفی اثرات پڑینگے،ایک صاحب نے کہا کہ تیرویں ترمیم نہیں ہونے دیں گے، لیکن اللہ کے فضل وکرم سے ہم نے یہ کر دکھایا۔ ہم نے لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کو ماہانہ وظیفہ دیا، یتیتموں اور بیواؤں کی کفالت کیلئے فنڈقائم کیا، اخوت کے پلیٹ فارم سے ہزاروں لوگوں کو بلاسودقرضے دیے۔ میر ٹ پر لوگوں کوبھرتی کیا، مسلم لیگ ن کے دور میں لوگوں کو سفارش کے بغیر نوکریاں ملیں۔ انہوں نے کہاکہ جو کام ہم نے کیے ہیں ان کی بدولت دوبارہ پہلے سے زیادہ اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔
دریں اثناء جہلم ویلی حلقہ 7 سے دو سابق امیدوار اسمبلی مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے، ا آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ضلع جہلم ویلی کے چیف آرگنائزر و سابق امیدوار اسمبلی حمید کیانی اور سینئر نائب صدر مسلم کانفرنس حلقہ نمبر سات و سابق امیدوار اسمبلی شکیل احمد کیانی نے وزیراعظم و صدرمسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان کی قیادت پر غیرمتزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے اور راجہ محمد فاروق حیدرخان کی کامیابی کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کا عزم کیا، حمیدکیانی اور شکیل کیانی نے کہا کہ حلقہ نمبر 7 میں کامیابی راجہ محمد فاروق حیدر خان ہی حاصل کرینگے[ مخالفین ایڑی چوٹی کا زور لگا لیں‘ راجہ محمد فاروق حیدرخان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ علاقے کے غیرت مند لوگ تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے لوگوں کا جذبہ اورولولہ بتا رہا ہے کہ اللہ کے فضل سے وزیراعظم آزادکشمیر ایک بار پھر کامیابی حاصل کرینگے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدرمسلم لیگ ن فرید خان نے کہا کہ جو لوگ یہ کہ رہے ہیں کہ 200 بندے نہیں انہیں کہتا ہوں آنکھیں کھول کر دیکھیں چربی اتار کر دیکھیں ن لیگ کا ہر عہدیدار جماعت کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے کسی نے خبر لگائی کہ میں سیاسی دھماکہ کرنے جا رہا ہوں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ خاندانی آدمی ہوں جان دیدوں گا بیوفائی اور موقع پرستی میرے خون میں نہیں وہ اور ہونگے جنہیں رنگ بدلنے کا بہانہ چاہیے سیاسی طوائف نہیں کہ ہر 5 سال بعد قبلہ بدل لیں ہمارا خون اس کی اجازت نہیں دیتا ڈنکے کی چوٹ پر مہم چلائیں گے اور اللہ رب العزت کے کرم سے جیت کر دکھائیں گے۔ممبر مرکزی مجلس عاملہ مسلم لیگ ن مرزاآصف نے کہا کہ اگر بدکلامی رہی تو اسلام آباد سے جب گنڈاپور آیا تو اسے ڈنڈا پور بنائیں گے پھر گلہ نا کرنا کہ اگر کوئی حالات خراب ہوگئے، نو مولود لوگ اور بدکردار سیاسی لوگوں نے فاروق حیدر خان کے خلاف بدکلامی جاری رکھی تو پھر ڈنڈے کا استعمال چلے گا ہمیں ایف آئی آر کا ڈر نہیں مرزا آصف دیوان چغتائی کے والد کے ساتھ نہیں چلا اس کے ساتھ کیسے چلے گا کلمہ پڑھ کر کہتا ہوں جان دیدوں گا بیوفائی اور موقع پرستی نہیں کرونگا کارکنوں کے ساتھ زیادتیاں ہوئیں ایڈجسٹ نہیں ہوے لیکن ہمارے پاس لیڈر صرف ایک ہے۔

واپس کریں