عمران خان آزادکشمیر میں افراتفری پھیلانا چاہتا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان
No image مظفرآباد( 2جولائی 2021) وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ یہ الیکشن عزت اور غیرت کا مسئلہ ہے مودی نے 5 اگست کو جو کچھ کیا اس کے جواب میں عمران خان نے کیا کیا۔پاکستان کے کئی اضلاع کی آبادی اور رقبہ آزادکشمیر سے بڑا ہے۔آزادکشمیر بہت سارے لوگوں کو کھٹکتا ہے مودی اپنا قبضہ ختم کرنا چاہتا ہے اور عمران خان جان چھڑانا چاہتا ہے۔ لوگ لالچ میں بات نہیں کرتے لیکن بہت سارے لوگ جانتے ہیں کہ کیا ہے۔یہ فاروق حیدر خان کی ذات کی بات نہیں قوم کا مسئلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کھن بندوے کے مقام پر انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عمران خان کی حکومت کاخاتمہ قریب ہے قومی سلامتی کی میٹنگ میں شرکت جو وزیراعظم نا کرسکے تو پھر وہ اور کیا کریگا۔ قومی سلامتی کے معاملات سے دوری خطرناک ہے ان کی عقل پر ماتم ہی کیا جاسکتا ہے ہم نے تحریری سفارشات دیدی۔گلگت کا مسئلہ ہو وزیراعظم غائب کوئی قومی مسئلہ ہو وہ غائب تو پھر ان کی اہمیت کیا ہے؟عمران خان نے بین الاقوامی دنیا تو الگ او آئی سی کا اجلاس بھی نہیں بلا سکا۔عمران خان ایک دورہ بتا دے جو کشمیر کے لیے کیا ہو؟
عمران خان کو ریاست کے نقشے میں تبدیلی لانے کا اختیار کس نے دیا؟باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ ختم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری منزل ہے مگر اس میں جانے کا طریقہ کار طے ہے کہ پوری ریاست کے اندر رائے شماری کی جائے۔انہوں نے کہا عمران خان آزادکشمیر میں افراتفری پھیلانا چاہتا ہے عوام کے پاس آخری موقع ہے کہ سازش کے خلاف ووٹ کا استعمال کریں۔جو خود جارہا ہے وہ آزادکشمیر کے عوام کو کیا دیگا۔انہوں نے کہا کہ جب تیرویں ترمیم پر دباؤ آیا تو کہا کہ کرسی جاتی ہے تو جائے واپس نہیں لونگا۔ختم نبوت کی آئینی ترمیم دباؤ کے باوجود پاس کی کونسل سے آزادکشمیر کے وسائل واپس لیے جس کے باعث آج ہم اپنی مرضی کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔ہماری آمدن میں تین گنا اضافہ ہوا مالیاتی امور میں خود کفیل ہوئے اور اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل ہوئے۔ہمارے پاس پیسے تھے تو ہم نے آمدن میں اضافہ کیا تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا نا ہوتے تو کیسے کرتے۔انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے چاہا تو مسلم لیگ ن حکومت بنائے گی چھ چھ جماعتیں بدلنے والے کیا تبدیلی لائیں گے انہی پتہ بھی نہیں آگے کہاں ہونگے۔ جو قرآن پر حلف اٹھا کر مکر سکتا ہے وہ آپ سے کیا وفا کریگا۔ تقریب سے راجہ زین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

واپس کریں