کشمیریوں کا مینڈیٹ چرایا گیا تو شاہراہ دستور پہ بیٹھیں گے، مریم نواز ۔کشمیر کے عوام عمران خان کے خلاف ووٹ دیں گے، وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر
No image مظفرآباد(08جولائی2021) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر کا بیٹا نواز شریف کشمیر کی جنگ لڑے گا۔ میں جانتی ہوں کہ کشمیریوں کو نواز شریف بہت شدت سے یاد آرہا ہے۔ میری رگوں میں کشمیری ماں اور باپ کا خون ہے۔ کشمیر ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔نواز شریف نے مجھے کہا کہ کشمیر جا وہاں تمہیں کوئی خطرہ نہیں۔کشمیر کیلئے دو منٹ کی خاموشی عمران خان نے آج بھی اختیار کی ہوئی ہے۔ اگر الیکشن میں ہیر پھیر کی گئی تو ہم آخر تک پیچھا کریں گے اور بھرپور مزاحمت بھی کریں گے، اگرکشمیریوں کا مینڈیٹ چرایا گیا تو ان کے خلاف شاہراہ دستور پر بیٹھیں گے۔ سلیکٹڈ ووٹ چوری کرکے آنے والے کے دور میں بھارت کشمیر کی حیثیت بدل دیتا ہے، کیا لوگ یہ توقع رکھتے ہیں کہ کشمیر گنوا کر بولیں میں کیا کروں؟۔عمران خان امریکہ گیاتو کہا کہ ٹرمپ ثالثی کرے گا اور واپس آکر کہتا ہے کہ اسے ایسا لگتا ہے کہ ورلڈ کپ جیت کر آیا ہے آج کشمیری پوچھتے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ کہا ں ہے؟ کیا کشمیر ہندوستان کی جھولی میں پھینک کر آنا ہی تمہارا ورلڈ کپ تھا؟۔جب عمران خان کشمیریوں اور پاکستانیوں کی شہ رگ کاٹ کر آیا تھا تو قوم نے اس کی زبان سے سنا کہ اب میں میں کیا کر سکتاہوں؟۔ اگر عوام کے ووٹ سے کوئی جیت آیا ہوتا تو کیا وہ کہتا؟ کیا وہ یہ کہتا ہے کہ ہندوستان اس کا فون نہیں سنتا۔ ہمیں آزاد کشمیر کے الیکشن بھی چوری ہونے کا خدشہ ہے مگر مخالفین جان لیں کہ یہاں کے عوام کو اچھی طرح معلوم ہے کہ ووٹ چوری کو کیسے روکنا ہے، ہم نے ڈسکہ کا الیکشن بھی ان کے حلق سے نکلوا لیا تھا۔ کان کھول کر سن لومسلم لیگ (ن) وہ مسلم لیگ (ن) نہیں رہی، مسلم لیگ (ن) کو آپ کے حلق سے چوری شدہ سیٹیں نکالنے کا ہنر آگیا ہے۔ مخالفین کو نواز شریف کا اتنا خوف ہے کہ ان کی باتیں نواز شریف سے شروع ہوتی ہیں اور انہیں پر ختم ہوتی ہیں۔ کشمیری چاہے سرحد کے اس پار ہو یا اس پار، پاکستان آپ کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی، صدر مسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر و وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان، پرویز رشید، کیپٹن صفدر، مریم اونگزیب ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے دکھوں، تکالیف اور پریشانیوں کو ایک نہ ایک دن ختم ہونا ہے، نواز شریف آپ کی آزادی اور حقوق کی جنگ لڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکن جان گئے ہیں کہ ووٹ چوری کو کس طرح سے روکنا ہے۔ ڈسکہ کا الیکشن یاد ہے نا، جس نے سال 2018 میں آرٹی ایس بیٹھا کر عوام کا الیکشن چوری کرلیا۔ آج 3 سال بعد بھی اس کو الیکشن چوری کرنے کی ضرورت پیش آرہی ہے۔ نواز شریف کی آواز ٹی وی پر بند کرنے کی ضرورت پیش آرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر اور پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے اور رہے گی۔

صدرمسلم لیگ ن و وزیراعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ریاست رہے گی تو سیاست ہوگی ریاست نہ رہی تو کہاں سیاست کروگے۔ عمران خان نیا پرویز مشرف ہے جس نے ہمارا قومی بیانیہ تقسیم کیا۔ ہمارا ووٹ چوری کرنے کوشش کی تو قومی اسمبلی تک عمران خان کے پیچھے جائیں گے۔باتیں کرتے ہیں کہ ہمیں ہمارا حق خودارادیت دیا جائے اور پانچ سال کیلئے ہمارا حق قبول کرنے کو تیار نہیں۔میں کشمیریوں کیلئے کیلئے اپنی گردن کٹانے کو بھی تیار ہوں، کشمیریوں کی عزت پر کا سودا نہیں دوں گا، ایسا جو بھی کرے گا غدار ہے، یہ الیکشن ہماری قسمت کا فیصلہ کرے گا، الیکشن فیصلہ کرے گا کہ کیا یہاں پر کوئی آر پار سے ہدایت لیکر کوئی کٹھ پتلی بیٹھے گا یا آپ کی نمائندگی کرنے والاکوئی بیٹھے گا۔ عمران خان نے ٹی وی پر بیٹھنے کیلئے مسخروں کی ٹیم رکھی ہے، عمران خان نے قومی بیانیہ نہیں بننے دیا، لوگوں کو آپس میں لڑا رہا ہے۔ قومی سلامتی کے اجلاس میں جو نہیں آتا وہ کیسا وزیراعظم ہے۔ اپنے محسن محمد نوا ز شریف کا شکرگزار ہوں، محمد نواز شریف نے کشمیریوں کی عزت کی۔ مظفرآباد میں مسلم لیگ ن کے عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ میاں نواز شریف جنرل اسمبلی میں تقریر سے قبل کشمیریوں کی بات سننے کیلئے یہاں آئے اور ہماری بات سنی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پنجاب کا بیڑا غرق کر دیا گیا، گلگت کے لوگوں کو بڑے خواب دکھا ئے گئے، آج پنجاب اور خیبر پختونخواہ کا حال دیکھ لیں۔ 2018سے پہلے جب تک مسلم لیگ ن کی حکومت تھی اس وقت کھانے پینے کی چیزوں کا ریٹ کیا تھا اور آج کیا ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی۔ انہوں نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں پاکستان کے عوام نے بھی کھل کر اس تبدیلی کے خلاف ووٹ دیے، پاکستان کو تباہ برباد کر دیا، معیشت تباہ کر دی۔



واپس کریں