عوام درست فیصلہ کریں، تبدیلی کی نحوست سے آزادکشمیر کو دور رکھیں،وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان
No image جہلم ویلی(10جولائی2021) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر و صدرمسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ پاکستان میں عمران خان کے اقتدار کا سورج غروب ہورہا ہے، آزادکشمیر پاکستان جیسی تبدیلی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔وقت آگیا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام درست فیصلہ کریں، تبدیلی کی نحوست سے آزادکشمیر کو دور رکھیں، عوام کا جذبہ بتارہا ہے کہ اور مریم نواز کے حلقہ کی سطح پر ہونے والے جلسوں نے آزادکشمیر کی سیاست کا رخ بدل دیا ہے، انشا اللہ 25جولائی کو شیر دھاڑے گا۔مسلم لیگ ن نے ریاست کے اندر ہم نے بلا تفریق تمام یتیم بچوں، بیواں، طلاق یافتہ عورتوں کی تنخواہ طرز پر ماہانہ پنشن کا قانون منظور کیا، لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو ماہانہ تین ہزار روپے فی کس کے حساب سے وظیفہ دیا جارہا ہے،آج کا آزادکشمیر پانچ سال پہلے کے آزادکشمیر سے بہت زیادہ بہتر اور ترقی یافتہ ہے۔عمران خان کس بنیاد پر آزادکشمیر کا دورہ کررہے ہیں، ان کے پاس کیا کارکردگی ہے؟،جس طرح پاکستان کو انہوں نے بے حال کیا، پاکستان میں مہنگائی لائی اور ادارے تباہ کیے، عام آدمی کی کمر توڑدی عمران خان اور ان کی جماعت کس منہ سے ووٹ مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے آزادکشمیر میں تنخواہوں میں 35فیصد اضافہ کیا، پاکستان میں اضافہ تو درکنار عمران خان نے لاکھوں لوگ بے روزگار کر دیے۔ مریم نواز کشمیر کی بیٹی ہے، ان کا جہلم ویلی آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا، مریم نواز لیپہ کا بھی دورہ کریں گی، جہاں سے ان سے آباو اجداد کا تعلق ہے، لیپہ والے بھی اپنی بہن اور بیٹی کا تاریخی استقبال کریں گے۔ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کے ہر حلقے میں ہونے والے عظیم الشان اجتماعات بتارہے ہیں کہ 25جولائی کو مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے اندر اور مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں پر ہونے والے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر دوبارہ اللہ رب العزت کے تعاون سے حکومت بنائے گی۔ پاکستان میں مسلم لیگ ن اس وقت سب سے بڑ ی سیاسی جماعت ہے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والی جماعت نے ہر مشکل وقت میں ملک کو سنبھالا، اس وقت بھی ملک کو ترقی اور کامیابی کی راہ پر مسلم لیگ ن ہی ڈالے گی، آزادکشمیر سے تبدیلی کا صفایا ہو چکا، پیپلز پارٹی کولوگ آزما چکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے دوران کھلانہ، چکوٹھی، چناری کے مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر متعدد افراد نے مسلم لیگ ن پی ٹی آئی اور پی پی کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ راجہ محمد فارو ق حیدرخان نے کہا کہ سیاست میرے نزدیک عزت اور غیرت کا نام ہے، جہلم ویلی کے عوام نے منتخب کر کے ایوان میں بھیجا، دو مرتبہ وزیراعظم بنا، کبھی ان کے مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونے دی، کوئی ان کو یہ طعنہ نہیں دے سکتا کہ آپ کا نمائندہ بزدل تھا، بے غیرت تھا یا کرپٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ صرف جو ختم نبوت کا قانون ہے مجھے یقین ہے کہ میں اور میرے تمام ووٹرز جنہوں نے مجھے اسمبلی میں پہنچایا تھا وہ اس اجر و ثواب کے مستحق ہیں اور انشا اللہ انہیں اس کا اجر ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں بہت سارے معاملات ایسے کرتے ہیں جس سے لوگوں کو فائدے بھی پہنچتے ہیں لیکن ہم نے بہت سارے کام ایسے کیے جوانشا آخرت میں بھی کام آئیں اور آخرت میں بھی ہمارے نامہ اعمال میں یہ چیز لکھی جائے گی کہ ختم نبوت کو قانون بنانے والے کے ووٹرزیہ لوگ تھے۔ انہوں نے کہاکہ آج آزادکشمیر میں کس بنیاد پر تحریک انصاف والے ووٹ مانگ رہے ہیں۔
واپس کریں