عمران خان کشمیر ہندوستان کی جھولی میں پھینک کرآتا ہے اور کہتا ہے کہ دومنٹ کی خاموشی اختیار کرو، مریم نواز
No image نیلم( 10جولائی2021) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر محترمہ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچہ بچہ کٹ مرے گا آزادکشمیر صوبہ نہیں بنے گا۔ کشمیری چاہے خونی لکیرکے اس پار ہوں یا اس پار ان کا لیڈر عمران خان جیسا بزدل نہیں ہو سکتا۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ٹرمپ سے ملاقات کے بعد عمران خان نے کہا کہ ورلڈ کپ جیت کرآیا ہوں،اب کشمیر فروش عمران خان کو چاہیے کہ اسی ورلڈ کپ میں چلو بھر پانی بھرواور ڈوب مرو،کشمیر کا پانی غیرت والا پانی ہے۔مسئلہ کشمیر نواز شریف کی قیاد ت میں حل ہوگا۔ آج ہر کشمیری کے چہرے اور ہر چیز میں نوازشریف کا چہرہ نظرآیا، کشمیریوں کی دعا میں نواز شریف نظرآیا۔ سلیکٹڈ کی کوئی نہیں مانتا اس کی نہ گھر میں عزت ہے نا باہر۔ عمران خان کشمیر ہندوستان کی جھولی میں پھینک کرآتا ہے اور کہتا ہے کہ دومنٹ کی خاموشی اختیار کرو اور اس کی خاموشی آج تک ختم نہیں ہورہی۔ عمران خان اب آزادکشمیر کو صوبہ بنانا چاہتا ہے۔ کشمیریوں کا لیڈروہ نواز شریف ہو سکتا ہے جو جب وزیراعظم ہوتا ہے تو ہندوستان کے وزیراعظم پاکستان چل کر آتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاردہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا جبکہ سینئر لیگی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔
مریم نواز شریف نے کہاکہ کشمیر کے بیٹوں نواز شریف اور شہباز شریف کی طرف سے سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ نیلم کاجذبہ دیکھ کر لگتا ہے کہ ن لیگ انتخاب جیت چکی، شاردہ کی محبت نے پوری زندگی کیلئے ساتھ جوڑ دیا، جتنا شاردہ خوبصورت ہے اس سے زیادہ شاردہ کا دل خوبصورت ہے۔انہوں نے کہاکہ اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ جلد وہ دن آئے جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہو اور یہ فاصلے مٹیں۔ میا ں صاحب نے کہاکہ یہ سوغات واپس لے جا، یہ سوغات مہنگائی نالائقی اور بربادی کے طوفان میں لیکر جارہی ہے۔ یہی سوغات آزادکشمیر میں بھی آنا چاہتی ہے،یہ سوغات مہنگائی بیروزگاری، بربادی لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا نام جب ذہن میں آتا ہے تو سستی بجلی، موٹر ویز، تعمیر وترقی، سی پیک۔ عمران خان کا نام لو تو چینی اور آٹا کیلئے روزت داروں کو قطاروں میں لگا دینا۔ مریم نواز نے کہاکہ کہ شاردہ میں پہلی بار آئی ہوں،مگر یہاں کے لوگوں نے محبت د ے کر ساری زندگی کے لیے اپنے ساتھ جوڑ دیا ہے،میں نے جو گلے میں ہار پہنا ہے یہ آپ لوگوں کی محبت ہے، جلسے کے دوران درخت گرنے سے تین کارکن زخمی ہوئے،اللہ کا شکر ہے درخت گرنے سے کسی کو چوٹ نہیں آئی،شاردہ میں پہاڑوں اور درختوں پر نواز شریف کے چاہنے والے بیٹھ کر جلسے میں شریک ہیں، ہر چہرے میں نواز شریف نظر آرہا ہے، مجھے آپ کی محبتوں اور دعاں میں بھی نواز شریف نظر آ رہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اور میری رگوں میں کشمیری خون ہے، کریال دریا کے کنارے بیٹھی رات بھر دعا مانگتی رہی کہ آزاد اور مقبوضہ کشمیرایک ہو جائیں، مسئلہ کشمیر نواز شریف کی قیادت میں حل ہوگا،سیلیکٹڈ کی کوئی بات نہیں مانتا، وہ کشمیرکو مودی کی جھولی میں ڈال کر آیا اور آ کر پاکستانیوں کو کہتا رہا کہ کشمیریوں کے لیے دومنٹ کی خاموشی کرنی ہے جو کہ آج تک ختم نہیں ہورہی۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا نام لیا جائے تو ذہن میں پاکستان اور کشمیر کی ترقی کا خیال آتا ہے جبکہ عمران خان کا نام لینے کے بعد پاکستانی قوم کو آٹا اور چینی چوری کا خیال آتا ہے،عمران خان نے بلے کے نشان پرالیکشن چوری کیا تھا اب ان کا انتخابی نشان مہنگی چینی،لوڈ شیڈنگ اور کشمیر فروشی ہونا چاہیے۔کشمیر ی بہادر قوم ہیں اوران کا لیڈر عمران خان جیسا بزدل انسان نہیں بلکہ نواز شریف جیسا بہادر انسان ہونا چاہیے۔مریم نواز شریف نے کہاکہ غلام قادر نے یہاں کے لوگوں کی خدمت دل و جان سے کی ہے، انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت کا کہا گیا مگر یہ نہیں گئے، میں نے سروے دیکھا ہے کہ آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ مشہور جماعت نواز لیگ ہے،25جولائی کو اپنی پوری فیملی کے ساتھ نکلنا ہے اور مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا ہے اور اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کرنی ہے، کشمیری بہادر قوم ہیں سینوں پرگولیاں کھا سکتے ہیں تو ووٹ کی حفاظت بھی کرسکتے ہیں، اپنے موبائل فونز لے کر پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود رہنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ حکومت میں آکر شاردہ میں یونیورسٹی بنائے گی۔
واپس کریں