آزادکشمیر الیکشن کمیشن کے ارکان راجہ فاروق نیاز اور فرحت علی میر کی چیف الیکشن کمشنر پاکستان سلطان راجہ سے ملاقات
No image اسلام آباد(11جولائی 2021) آزادجموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ارکان راجہ فاروق نیاز اور فرحت علی میر نے پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آزادجموںو کشمیر الیکشن کمیشن کے ارکان نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان کو پولنگ کے دن مظفرآباد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ 25 جولائی کو اپنے دورے کے دوران بعض پولنگ اسٹیشنز بھی جائیں گے اور پولنگ کے عمل کا مشاہدہ کریں گے ۔انہوں نے آزاد جموں و کشمیر قانون سازاسمبلی میں مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقہ جات کی انتخابی فہرستہا کی تیاری کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے آمدہ عام انتخابات 2021کے لیے مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے افسران کو بطور ریٹرننگ افسر و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر تعینات کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان قانون کے مطابق انتخابات کے شفاف اور آزادانہ اور منصفانہ انعقاد میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

واپس کریں