چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت مظفرآباد ڈویژن کے ریٹرننگ آفیسران،انتظامیہ اور پولیس آفیسران کا اجلاس
No image مظفرآباد(13جولائی 2021) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس(ر) عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2021ء کے انتظامات اور امن و امان کے سلسلہ میں مظفرآباد ڈویژن کے ریٹرننگ آفیسران،انتظامیہ اور پولیس آفیسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبران آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر، سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء، تینوں اضلاع کے ریٹرننگ آفیسران، انتظامیہ اور پولیس کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ بناتے کے لئے انتظامیہ،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اور ریٹرننگ آفیسران کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم سب کے لئے چیلنج ہے لیکن ہم نے ملکر انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے اقدامات کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اور ریٹرننگ آفیسران کے ساتھ موثر رابطے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر موثر اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اور ریٹرننگ آفیسران کی شکایات کا ازالہ کریں گے۔ انتظامیہ کو ریٹرننگ آفیسران کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
٭٭٭٭٭

واپس کریں