کامیاب امیدوار الیکشن اخراجات کی تفصیل پیش کریں، الیکشن کمیشن کی ہدایت
No image مظفرآباد(31جولائی 2021) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کا عمل 25جولائی2021کو مکمل ہو چکا ہے۔ جس کی روشنی میں آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے 27جولائی 2021کو متذکرہ انتخابات میں حصہ لینے والے کامیاب امیدواران کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شائع بھی کر دیا ہے۔ آزادجموں وکشمیر الیکشنز ایکٹ 2020کی دفعہ 76کی رو سے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواران کے لیے لازم ہے کہ وہ کامیاب امیدواران کا نوٹیفکیشن شائع ہونے کے بعد 35دن کے اندر اپنے الیکشن اخراجات اپنے اپنے حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروائیں۔ متذکرہ بالا دفعہ کے تحت انتخابی اخراجات جمع نہ کروانا آزادجموں وکشمیر الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 108کے تحت Illegal practice (غیر قانون فعل) قرار پائے گا جس پر مطابق قانون کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ چنانچہ تمام امیدواران کو بذریعہ پریس ریلیز مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے الیکشن میں کیے گئے اخراجات کی مکمل تفصیل فارم نمبر 28پر مرتب کرتے ہوئے اپنے حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروائیں۔
٭٭٭٭٭٭

واپس کریں