تحریک انصاف کے چودھری انوارالحق آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر اور ریاض احمد ڈپٹی سپیکر منتخب
No image مظفرآباد03) اگست 2021 ( آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ منگل کے روز ہوئی۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کے چودھری انوارالحق اور پیپلز پارٹی ومسلم لیگ ن کے مشترکہ امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کے درمیان مقابلہ ہوا۔ تحریک انصاف کے چوہدری انوار الحق نے 32 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلزپارٹی و مسلم لیگ ن کے مشترکہ امید وار فیصل ممتاز راٹھور نے 15 ووٹ حاصل کیے۔ قانون سازاسمبلی کے کل ممبران کی تعداد 53 ہے جن میں سے 49 ممبران اسمبلی ووٹنگ کے وقت حاضر تھے۔ جبکہ چار ممبران اسمبلی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ سپیکر کی انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں 2 ووٹ مسترد ہوئے۔ چوہدری انوار الحق کی کامیابی کے بعد سبکدوش ہونے والے سپیکر شاہ غلام قادرنے ان سے حلف لیا اور انہیں سپیکر اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ جس کے بعد چوہدری انوار الحق نے سابق سپیکر شاہ غلام قادر سے بطور ممبر اسمبلی حلف لیا اور بقیہ کارروائی کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔
ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار ریاض احمد نے 32 جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ امیدوارنثارہ عباسی نے 15 ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کل 47 ووٹ ڈالے گے۔ اس طرح تحریک انصاف کے امیدوار ریاض احمد ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہو گے۔ جس کے بعد سپیکر چوہدری انوار الحق نے ریاض احمد سے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق نے کہا کہ میں اپنی لیڈرشپ، عوام اور ممبران اسمبلی کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے دس سال بعد مجھے دوبارہ اس معزز ایوان کے کسٹوڈین کی حیثیت سے منتخب کروایا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے بطور سپیکر نامزد کیا۔ انہوں نے کہا اس ایوان کی ماضی میں بڑی اعلی روایات رہی ہیں اور اس ہائوس کی تشکیل میں ہمارے آباو اجداد کی قربانیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان روایات کو ہم آگے بڑھائیں گے۔ میری تمام معزز ممبران سے گزارش ہے کہ وہ برداشت، تحمل اور ایک دوسرے کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں تاکہ ہماری یہ اعلی روایات قائم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ اپوزیشن کی آواز کو کسی بھی صورت نہ دبایا جائے اور حکومت کی اکثریتی رائے کا بھی احترام کیا جائے۔ ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوے ریاض احمد نے چیر مین تحریک انصاف عمران خان اپنے حلقہ کے عوام اور ممبران قانون ساز اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی کی نو منتخب ممبر اسمبلی محترمہ نبیلہ ایوب نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوے ایوان کی توجہ خواتین اراکین اسمبلی کے لیے پچھلی نشستیں مختص کرنے کی جانب مبذول کروائی اور کہا کہ خواتین آزادکشمیر کی کل آبادی کا 52فیصد ہیں اس لیے خواتین کو ایوان میں مناسب جگہ پر نشستیں دی جائیں۔ ساری خواتین کے لیے پچھلی نشستیں مختص کرنا باعث تشویش ہے ہم سارے آزادکشمیر کی خواتین کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ جس پر سپیکر اسمبلی نے رولنگ دی کے آئندہ اس حوالہ خیال رکھا جاے گا۔
آزاد جموں و کشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں ممبر اسمبلی عبدالماجد خان نے وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر کے انتخاب کے لیے قواعد انضباط کار کے قاعدہ 15کے ذیلی قاعدہ 1اور 2کو معطل کرتے ہوئے قاعدہ 227کے تحت وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کرنے کی تحریک پیش کی جسے ایوان نے اتفاق رائے سے منظوری کر لیا۔

واپس کریں