'' آئی ایس پی آر '' کا ' یوم استحصال ' ( کشمیر ڈے) کے موقع پر نیا نغمہ جاری اور کشمیریوں کی توقعات
No image اسلام آباد ( کشیر رپورٹ) پاکستان فوج کے محکمہ تعلقات عامہ'' آئی ایس پی آر'' نے 5اگست2021 کے موقع پر'' کشمیر ڈے'' کے حوالے سے ایک نیا نغمہ جاری کیا ہے۔ہندوستان نے 5اگست2019کو متنازعہ ریاست جموں وکشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور تمام عالمی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی ریاستی حیثیت ختم کر دی تھی اور مقبوضہ ریاست کو ہندوستان میں ضم کر لیا تھا۔وزیر اعظم عمران خان حکومت پر کشمیری حلقوں کی طرف سے یہ تنقید کی جاتی ہے کہ انہوں نے متنازعہ جموں وکشمیر سے متعلق ہندوستان کے بڑے جارحانہ اقدامات کے جواب میں ہندوستان کو میدان عمل میں کوئی چیلنج نہیں دیا بلکہ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی کوئی عملی مدد نہ کرتے ہوئے ہندوستان کو سہولت کاری فراہم کی گئی۔واضح رہے کہ افواج پاکستان کے کشمیر کے متعلق عزم کے تناظر میں کشمیری عوام حکومت پاکستان ، افواج پاکستان سے خصوصی توقعات وابستہ کرتے آئے ہیں۔حکومت کی طرف سے کشمیر سے متعلق خاموشی اختیار کرنے اور نمائشی مظاہروں،تقریبات سے مظلوم کشمیریوں کی کوئی عملی مدد نہیں ہوتی اور ناہی ' آئی ایس پی آر' کے کشمیر پر نغمے تیار ، جاری کرنے سے حریت پسند کشمیریوں کے ہاتھ مضبوط ہوتے ہیں۔کشمیری مسئلہ کشمیر کے پرامن اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کے لئے پاکستان کے سرگرم کردار کے خواہاں ہیں اور اس کے لئے لازم ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر،کشمیر کاز کو اپنی ترجیحات میں اہمیت دے اور اپنے عملی اقدامات سے دنیا پہ یہ واضح کیا جائے کہ پاکستان دس لاکھ ہندوستانی فوج کے مظالم کے شکار کشمیریوں کی بے چارگی پہ خاموش تماشائی بن کر محض بیانات جاری کرنے تک محدود نہیں رہ سکتا۔
واپس کریں