دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان پہلے صدارتی مباحثے میں مقابلہ ہوگا
No image واشنگٹن۔ امریکہ کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے مخالف صدارتی امیدوار جو بائیڈن صدارتی مباحثے کے حوالے سے سپریم کورٹ کی حال ہی میں خالی ہونے والی نشست، کرونا وائرس، معیشت، نسلی مسائل اور امریکہ کے کئی شہروں میں حالیہ پرتشدد مظاہروں اور انتخابات کی شفافیت کے موضوعات پر اظہار خیال کریں گے۔یہ پہلا صدارتی مباحثہ 29 ستمبر کو ہو گا۔ امریکہ میں انتخابات سے پہلے ہونے والے صدارتی مباحثے عوامی رائے عامہ کے حوالے سے اہم ہوتے ہیں،ان میں صدارتی امیدوار اپنے اپنے موضوعات پر اظہار خیال کرتے ہیں اور اپنے پروگراموں پر بھی بات کرتے ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے مد مقابل جو بائیڈن ان موضوعات پر اپنے نظریات کے بارے میں ووٹرز کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔پہلے صدارتی مباحثے کے لیے میزبان چینل نے چھ موضوعات کا انتخاب کیا ہے جن پر گرما گرم بحث متوقع ہے۔
ان موضوعات کا انتخاب میزبان 'فاکس نیوز' سے وابستہ مباحثے کے ماڈریٹر اور سینئر صحافی کرس والیس نے کیا ہے۔رات نو بجے شروع ہونے والے اس مباحثے میں دونوں امیدوار ہر موضوع پر 15 منٹ تک بحث کر سکیں گے۔ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اس مباحثے کے دوران کوئی بھی اشتہار نہیں دکھایا جائے گا۔اگر سیاسی صورتِ حال میں کوئی تبدیلی آئی تو اس تناظر میں موضوعات کی فہرست میں ردو بدل کیا جا سکتا ہے۔تین نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن کا پہلا مباحثہ ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں واقع 'کیس ویسٹرن یونیورسٹی' میں منعقد ہو گا۔

واپس کریں