الیکشن کمیشن کامیر پور 3اورکوٹلی5کی اسمبلی نشستوں پر ضمنی الیکشن10اکتوبر کو منعقد کرانے کا اعلان
No image مظفر آباد 8ستمبر2021( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے ایل اے 3میر پور3اورایل اے 12کوٹلی5کی نشستوں پہ ضمنی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ان دونوں اسمبلی حلقوں میں 10اکتوبر کو الیکشن منعقد ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ان حلقوں پہ الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی 13ستمبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تایخ 23ستمبر ہے اور اسی دن انتخابی نشان جاری کئے جائیں گے۔ان دونوں اسمبلی حلقوں میں الیکشن 10اکتوبر2021کو صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ہوں گے۔میر پور 3کی نشست بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے صدر بننے سے خالی ہوئی ہے جبکہ کوٹلی5کی نشست چودھری یاسین نے خالی کی ہے،وہ دو حلقوں سے کامیاب ہوئے تھے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے سلطان محمود چوہدری ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے۔ 3 میرپور۔3 کے بطور صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے اور چوہدر ی محمد یاسین ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون سار اسمبلی حلقہ ایل اے۔12 کوٹلی۔5 کی ایک نشست سے دستبرداری کی بناء پر خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے انعقاد کے سلسلہ میں حسب رضامندی عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر حلقہ ایل اے۔ 3 میرپور۔3 کے لیئے ڈسٹرکٹ وسیشن جج کو بطورڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج میرپور کو بطورریٹرننگ آفیسر اور مسٹر غلام محی الدین تحصیلدار منگلاڈیم پروجیکٹ میرپور کو بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر جبکہ حلقہ ایل اے۔12 کوٹلی۔5 کے لیئے ڈسٹرکٹ و سیشن جج کوٹلی کو بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر،سول جج چڑہوئی کو بطور ریٹرننگ افسر اور تحصیلدار سہنسہ کو بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر مقرر کرتے ہوئے الیکشن شیڈول بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ریٹرننگ افسرکے پاس کاغدات نامزدگی 13ستمبر2021 (شام 4-00 بجے تک) یا اس سے پہلے داخل کروائے جا سکتے ہیں۔ 14ستمبر2021 کو صبح 8.00 بجے سے 2-00 بجے دن تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہو گی، اور اسی دن ریٹرننگ افسر کی جانب سے درست طور پرنامزد امیدواران کی فہرست شائع ہو گی۔ کاغذات نامزگی کی منظوری یا مستردگی کے خلاف 18ستمبر2021کو دن 2.00 بجے سے پہلے الیکشن کمیشن کے پاس اپیل ہا داخل کی سکتی ہیں۔ا لیکشن کمیشن 20ستمبر2021 کواپیل ہا کی صبح 9-00 بجے تا شام 4-00 بجے تک سماعت کرے گااور22ستمبر2021 کو اپیل ہا کے فیصلہ جات کیے جائیں گے۔ امیدواران 23ستمبر2021کودن2.00 بجے سے پہلے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے 24ستمبر2021کوامیدواران کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کی جائے گی اور اسی تاریخ کوا نتخاب میں حصہ لینے والے امیدواران کی حتمی فہرست معہ انتخابی نشان شائع کی جائی گی۔10 اکتوبر2021 کوصبح 8-00 بجے تا شام 5-00 بجے دن پولنگ ہو گی۔ لہذا متذکرہ بالا حلقہ جات کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے جملہ امیدواران کو بذریعہ پریس ریلیز مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ ریٹرننگ افسران کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی داخل کروانے سے قبل اپنے ضلع میں واقع الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاتر میں اپنے گوشوارہ اثاثہ جات کی تفصیل جمع کرواتے ہوئے رسید حاصل کر کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ شامل کریں۔ اس کے علاوہ امیدواران کو اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ، کمپیوٹرائزڈ شناختی کار کی نقول اور اپنے متعلقہ انتخابی علاقہ کی انتخابی فہرست جس میں امیدوار کانام درج ہو، شامل کرنا ہوگی۔ یہ بات سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن (ترجمان)نے ایک پریس ریلیز میں بتائی ہے۔
واپس کریں