دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
24 ممالک کے سفیروں اور دفاعی اتاشیوں کا کشمیر میں' لائین آف کنٹرول' کا دورہ
No image راولپنڈی ۔اقوام متحدہ کی طرف سے رائے شماری کے مقصد سے متنازعہ قرار دی گئی ریاست کشمیر میں ہندوستانی فوج کی اشتعال انگیز فائرنگ، گولہ باری اور اس سے آزاد کشمیر کے شہریوں کے جانی نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے برطانیہ، جرمنی، ترکی، آسٹریلیا اور سعودی عرب سمیت 24 ممالک کے سفیروں اور دفاعی اتاشیوں نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔مختلف ممالک کے سفیر اور دفاعی اتاشی بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کے ہمراہ ایل او سی کے دورے پر گئے۔ایل او سی کا دورہ کرنے والے وفد میں برطانوی، پولینڈ، ازبکستان اور جرمنی، سعودی عرب، جنوبی افریقا اور ترکی کے سفیر وفد میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آذر بائیجان، بوسنیا، یورپی یونین کے سفیر اور دفاعی اتاشی بھی وفد میں شامل ہیں۔یونان، آسٹریلیا، ایران اور عراقی سفیروں کے علاوہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندے بھی ایل او سی کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ سویٹزر لینڈ، فرانس، مصر، لیبیا، یمن اور افغانستان کے سفیر بھی دورہ کرنے والوں میں شامل ہیں۔
ڈی جی' آئی ایس پی آر ' میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق غیر ملکی سفرا اور دفاعی اتاشیوں کو ایل او سی کے جوڑا سیکٹر کا دورہ کرایا گیا اور انہیں بریفنگ دی گئی اور انہیں بھارتی فورسز کی جانب سے سول آبادی پر استعمال ہونے والے کلسٹر بم اور مارٹر گولے بھی دکھائے گئے۔ڈی جی' آئی ایس پی آر' نے انہیں بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے، 2014 سے سیز فائر معاہدے کے خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں۔ بھارتی فوج 2020 میں اب تک 2333 بار ایل او سی کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو چکی ہے۔انہوں نے غیر ملکی سفیروں اور دفاعی اتاشیوں کو بتایا کہ بھارتی قابض افواج کنٹرول لائن پر دانستہ شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارتی فوج سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی میں بھاری ہتھیار استعمال کر رہی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مطابق بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے ایسا کر رہی ہیں، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو ہو رہا ہیاس سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ عالمی ادارے خصوصا اقوام کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی تفصیلات جاری کی جا چکی ہے۔ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال نے اس خطے کویرغمال بنایا ہوا ہے۔غیر ملکی سفیروں اور دفاعی اتاشیوں کے وفد نے خود بھارتی فورسز کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا اور بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے متاثرہ افراد سے ملاقات بھی کی۔
واپس کریں