عمران خان حکومت کی آزاد کشمیر کے سٹیٹس کو تبدیل اور ریاستی تشخص تحلیل کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، راجہ فاروق حیدر خان
No image میرپور11ستمبر2021( کشیر رپورٹ)سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی جلد شروع ہو جائے گی،ضمنی الیکشن میں پوری قوت سے حصہ لیں گے، جماعتی عہدے دار اور کارکنان ضمنی انتخاب میں جماعت کے امیدوار چوہدری سعید کی کامیابی کے لیے بھرپور محنت کریں،عمران خان آزاد کشمیر حکومت کا سٹیٹس تبدیل اور ریاستی تشخص کو تحلیل کرنے کے لئے سازشیں کر رہے ہیں،مسلم لیگ (ن) اس راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور ہم ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
راجہ فاروق حیدر خان اپنے دورے میرپور کے دوران مقامی ریسٹ ہاس میں مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر چوہدری طارق فاروق، سابق وزیر حکومت چوہدری محمد سعید، مسلم لیگی رہنمائوں راجہ آفتاب شریف، طاہر مرزا، لالہ عبد المالک، فدا حسین کیانی، راجہ محمد ریاض، چوہدری جمیل سلطان، کرنل معروف حسین، محترمہ میمونہ شاہ، راجہ محمد یاسین خان، راجہ قیصرخان، ملک ساجد محمود اورساجد قریشی سے بات چیت کر رہے تھے۔
راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں بلا تخصیص لوگوں کی خدمت کی ہے، آزاد خطے کو باوقار بنانے اور عوام کے بنیادی حقوق حاصل کرنے کے لیے ہماری حکومت نے عملی اور تاریخی اقدامات کیے، انہوں نے جماعتی عہدے داروں اور کارکنان سے کہا کہ وہ ضمنی انتخاب میں جماعت کے امیدوار چوہدری سعید کی کامیابی کے لیے بھرپور محنت کریں اور10 اکتوبر کو اپنے ووٹ پر پہرہ دیں۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی کا کام بہت جلد شروع کیا جار ہا ہے، جماعت کی رکنیت سازی کے ساتھ، وارڈ، یونین کونسل، حلقہ اور ضلع کی سطح پر تنظیم نو کے بعد جنرل کونسل کے اجلاس میں مرکزی تنظیم سازی مکمل ہو گی اور اس تنظیمی کام کے لیے بہت جلد کارکنان کو تفصیلی پروگرام سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام پاکستان کی سلامتی و بقا کے ضامن ہیں، بانی پاکستان قائداعظم کے ساتھ ریاستی عوام نے اپنے رشتوں کی بنیاد رکھی تھی، جس پر وہ 74 سالوں سے پہرہ دے رہے ہیں، آج بانی پاکستان کی برسی کے موقع پر ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو سیاسی، نظریاتی، معاشی طور مستحکم بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، کشمیری عوام نے اپنے بنیادی حق رائے شماری کے حصول اور پاکستان کی تکمیل کے لیے قربانیوں کا لازوال تاریخ مرتب کی ہے۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر ریاست کے اندر بانی پاکستان کے نظریات کی وارث ہے، عمران خان کی حکومت آزاد کشمیر کے اسٹیٹس اور ریاستی تشخص کو تحلیل کرنے کے لیے جو سازشیں کر رہی ہے اس کے راستے میں مسلم لیگ ن سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور ان سازشوں کا کامیاب نہیں ہونے دیں گے، میرپور میں پوری قوت کے ساتھ ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔
اس موقع پر بانی پاکستان قائداعظم، تحریک آزادی کشمیرکے رہنما سید علی گیلانی اور ممتاز دانشور حریت رہنما شیخ تجمل السلام کے درجات کی بلندی کے خصوصی دعا کی گئی، راجہ محمد فاروق حیدرخان سے جماعت کے رہنماں نے اپنی ملاقاتوں میں تنظیمی امور اور ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیالات کیا۔
واپس کریں