مسئلہ کشمیر متاثر نہ ہو تو گلگت کے لئے کسی بھی عبوری سیٹ اپ پہ کوئی اعتراض نہیں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری
No image اسلام آباد( کشیر رپورٹ)صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اگر مسئلہ کشمیر متاثر نہ ہو تو ہمیں گلگت کیلئے کسی بھی عبوری سیٹ اپ پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ کشمیر ہائوس اسلام آباد کے صدارتی بلاک میں صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ایشو پر وہاں کی لیڈر شپ سے اسلام آباد میں ملاقاتیں ہوئی ہیں،آئندہ ہفتہ گلگت بلتستان کا دورہ کر کے وہاں کی سیاسی قیادت،ممبران اسمبلی،صحافیوں،سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کر کے ان پر وا ضح کرونگا کہ آزاد کشمیر کے لوگ آپ کے آئینی حقوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں اگر مسئلہ کشمیر متاثر نہ ہو تو ہمیں گلگت کیلئے کسی بھی عبوری سیٹ اپ پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر احتساب ایکٹ میں ترمیم لا رہے ہیں لیکن سابق حکومت کی کسی بھی اچھی شق کو نہیں چھیڑیں گے، بالاتخصیص احتساب کرینگے لیکن احتساب سے انتقام کی بو نہیں آئے گی احتساب سب کا ہوگا، آزادکشمیر میں ججزکے بحران کو جلد ختم کرینگے اور ججز کی تقرریاں میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر ہونگی۔ صدر آزاد کشمیر جو بالحاظ عہدہ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں ، نے کہا کہ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں میں اصلاحات کیلئے کام شروع کر دیا ہے، تمام یونیورسٹیوں کے وی سیز سے ملاقاتیں کی ہیں، دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے معیار ی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے،یونیورسٹیوں کو حقیقی معنوں میں تعلیمی نظام کیلئے ریسرچ ادارے بنائیں گے۔ اس موقع پہ انہوں نے بتایا کہ وہ اگلے ماہ کے آخر میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے یورپ کا دورہ کریں گے۔
واپس کریں