صدر سردار عبدالرازق کی سربراہی میں راولپنڈی ہائیکورٹ بار کے وفد کی وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے ملاقات
No image سلام آباد21ستمبر 2021 (کشیر رپورٹ) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں راولپنڈی ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار عبد الرازق ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری کی قیادت میں وکلاء کے وفد سے ملاقات کی۔وزیراعظم سردار قیوم نیازی نے وفد سے گفتگومیں کہا کہ انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام پر یقین رکھتا ہوں، محروم طبقات کا نمائندہ ہوں، عوام کے مسائل کا ادراک ہے، وکلا کمیونٹی کی معاشرے میں اہمیت کا ادراک ہے، وکلا کسی بھی معاشرے میں قانون کی عملداری کے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں، آزاد کشمیر میں نظام عدل کی مضبوطی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، آزاد کشمیر کے وکلا کے مسائل سے بھی آگاہ ہوں، ریاست میں عدلیہ اور وکلا کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے، سید علی گیلانی کی وفات کے بعد ان کی میت کی بے حرمتی کی گئی اور ان کے خاندان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دنیا بھر میں مقیم کشمیری دکھی ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور اپنا کردار ادا کرے، تحریک پاکستان کی کامیابی میں وکلا نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا تھا، اس وقت تحریک آزادی کشمیر میں بھی وکلا برادری پیش پیش ہے، امید کرتے ہیں کہ وکلا برادری اپنے کردار کو مزید موثر بنائے گی۔
اس موقع پر وکلا کی جانب سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی۔ صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ نے وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو راولپنڈی بار کے دورے کی دعوت بھی دی جسے وزیر اعظم نے قبول کر لیا۔ سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں قانون عملداری اور آئین کی بالادستی کے لیے حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے، امید ہے تحریک انصاف کی حکومت آزاد کشمیر کے وکلا کے مسائل جلد حل کرے گی۔
واپس کریں