کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے، آزاد کشمیر کی حیثیت کو تبدیل ہونے سے بچانا ہے، راجہ فاروق حیدر کا چودھری سعید کے الیکشن آفس کا افتتاح
No image میرپور( کشیر رپورٹ)سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ میرپورکے عوام10اکتوبر کو سیاسی اجارہ داری کے خاتمے کے لیے باہر نکلیں اور اپنے حق رائے دہی کو مسلم لیگ ن کے حق میں استعمال کر کے چوہدری محمد سعید کو کامیاب کریں، مسلم لیگ ن کو پڑنے والا ووٹ ریاستی تشخص اورآزاد کشمیر کی حیثیت کے تحفظ کی ضمانت ہو گا، ہم نے ریاست کے عوام کو کشمیر کونسل کی غلامی سے نجات دلائی،کشمیریوں کی عزت و وقار کو بحال کیا، پی ٹی آئی کی حکومت ریاست کو تقسیم کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے، پاکستان کی حکومت کو کشمیر کی تقسیم کرنے کا اختیار کس نے دیا ہے، ادھر ہندوستان نے 35اے کا خاتمہ کیا، آپ نے اس سے پہلے گلگت بلتستان میں اسٹیٹ سبجیکٹ ختم کیا، ہم نے کشمیر کونسل سے سٹیٹ سبجیکٹ جاری کرنے کا اختیار واپس لیا ہے، مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق کشمیری عوام ہیں، کشمیریوں نے خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، آزاد کشمیر کی حیثیت کو تبدیل ہونے سے بچانا ہے، یہ وہ قومی ایشوزہیں جن کے لیے مسلم لیگ ن جدو جہد کر رہی ہے۔
راجہ محمد فاروق حیدر خان ایل اے میرپور کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں مسلم لیگ ن کے مرکزی انتخابی دفترکے افتتاح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ افتتاحی تقریب سے امیدواراسمبلی، سابق وزیرچوہدری محمد سعید، ممبر اسمبلی و سابق وزیر راجہ محمد صدیق، سٹی صدر طاہر مرزا، چوہدری ناصر، چوہدری محمد نعیم، راجہ تسلیم انجم، چوہدری بشیر تاج، چودری محمد عزیز، راجہ محمد افضل اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ تقریب میں سابق وزیر ممبراسمبلی حافظ احمد رضا قادری، مسلم لیگ لائرز ونگ کے رہنما سردارمنظر بشیر ایڈووکیٹ، سردار مظہر ایڈوکیٹ، مسلم لیگ ن کے رہنمائوں فدا حسین کیانی، راجہ کامران منظور، مرزا عزیز الرحمان ایڈووکیٹ، عامر میر، حاجی طارق، یوتھ ونگ کے صدر راجہ قیصر، ساجد ملک، مرزا محسن جرال، کے علاوہ خواتین ونگ کی عہدے داران، ایم ایس ایف اور شہر بھر سے کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر نیو سٹی میرپور سے چوہدری بلاول گوگا کی قیادت میں سردار صغیر، چوہدری بلال حسین، چوہدری توقیر گجر، چوہدری علی، راجہ احتشام کاکا، راجہ جنید جیدی، سردار ذیشان، راجہ احسان، راجہ غالب، کامران ملک، شاہد ملک، ملک اسد اور عثمان علی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔
صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپور اور چڑہوئی کے ضمنی انتخابات انتہائی اہم ہیں، عمران خان نے آزاد خطے کے اندر جو حکومت دھونس اور مداخلت سے بنائی ہے اس سے وہ انگوٹھا لگوا کرتیرویں ترمیم کو ختم کرکے ریاست کے عوام کے حقوق واپس چھیننا چاہتے ہیں جنہیں ہم نے قائد ن لیگ نواز شریف، شاہد خاقان عباسی کی مدد سے حاصل کیا تھا اورآزاد کشمیر کی اسمبلی اور حکومت کو باقار اور بااختیار بنایا۔ ان دو سیٹوں کے نتائج نے ان ناپاک عزائم کو روکنا ہے،اس لیے میں دونوں حلقوں سے عوام سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ قومی بیداری، غیرت و اہمیت کا عملی مظاہرہ اپنے ووٹ کے ذریعے کریں اور مسلم لیگ ن کو کامیاب بنائیں۔10 اکتوبر کو ووٹرز کو گھروں سے نکالیں، اور اپنے ووٹ کی حفاظت کریں۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ وہ خود انتخابات تک ان دونوں حلقوں میں موجود رہیں گے، ہم پرامن لوگ ہیں لیکن کسی کو غنڈہ گردی نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے یہ حکومت بنی ہے یہ اپنی کھینچا تانی میں لگے ہوئے ہیں، اور ترقیاتی کاموں کی پہلی سہ ماہی کا ایک روپیہ ابھی تک ترقیاتی منصوبوں پر نہیں لگا جسکی وجہ سے4ارب روپیہ لیپس ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا ہم نے حکومت میں رہ کر پوری جرات کے ساتھ کشمیریوں کے موقف پر پہرہ دیا ہے، نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہیں گے، پاکستان میں پی ٹی آئی کا وقت نزاع شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ، میرپور/ بھمبر ایکسپریس وے کا منصوبہ عمران خان کی حکومت نے ختم کیا، اگر نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت پر شب خون نہ مارا جاتا تو میرپور کے ذیلی کنبہ جات سمیت دیگر کئی بڑے مسائل حل ہو چکے ہوتے۔امیدوار امسبلی، سابق وزیر چوہدری محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے میرپور شہر کے مسائل پر بھرپور توجہ دی، شہر میں پانی کی فراہمی کے لیے پچاس کروڑ روپے مختص کیے گیے، بجلی کے تین نئے فیڈرز، ہسپتال میں بیڈز کا اضافی، کارڈک ہسپتال میں اینجو گرافی اور اینجو پلاسٹی کی مشینوں کی فراہمی، سڑکات کی کشادگی اور نئی سڑکون کی تعمیر کے بڑے منصوبے مکمل کئے گیے، انہوں نے کہا ہوہ خدمت کے اس سفر کو جاری رکھیں گے۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا مرکزی دفتر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

واپس کریں