محکمہ شاہرات کا ڈوزر آپریٹر لال حسین قریشی کٹن میں سڑک کھولنے کے دوران ڈوزر کے حادثے میں شہید
No image اٹھمقام 23ستمبر2021( کشیر رپورٹ) وادی نیلم آزاد کشمیر میں کٹن کے مقام پہ سڑک پہ کام کے دوران محکمہ شاہرات کا ڈوزر روڈ سے نیچے گر گیا جس سے ڈوزر آپریٹر جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کٹن جاگراں روڈ پہ سڑک سے لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ صاف کرتے ہوئے محکمہ شاہرات کا ڈوزر سڑک سے نیچے گر گیا جس سے اس پہ سوار محکمہ شاہرات کا ڈوزر آپریٹر لال حسین قریشی شہید ہو گیا۔یہ حادثہ کٹن کالونی سے پہلے نرسری/ہیچری کے قریب پیش آیا۔ڈوز آ پریٹر لال حسین قریشی کنڈل شاہی کا رہائشی تھا۔
ڈیوٹی کے دوران حادثے میں شہید ہونے والے لال حسین قریشی کی نماز جنازہ کل، مورخہ24ستمبر کو ڈھائی بجے دن اکلاس دفتر کے احاطہ، سائینس کالج کنڈل شاہی کے میدان میں ادا کی جائے گی۔لال حسین قریشی خطرناک حالات میں بھی بند سڑکوں کو ڈوزر سے کھولتا تھا جب کسی عام ڈوزر آپریٹر کے لئے کام کرنا تقریبا ناممکن ہو تا ہے۔ اس وجہ سے لال حسین قریشی علاقے میں ہر دلعزیز تھا۔
ڈوزر آپریٹر لال حسین قریشی اپنی ڈیوٹی کی ادائیگی میں حادثے کا شکار ہو کر شہید ہوا، محکمہ شاہرات کو فرض شناس ڈوزر آپریٹر لال حسین قریشی کی وفات پر اس کے ورثاء کی معقول مالی معاونت کرنا چاہئے ، یہ اس کاحق بھی ہے اور اس سے محکمہ شاہرات کے ملازمین میں فرض شناسی کے اعتراف کے حوالے سے ایک روشن مثال قائم ہو گی۔غلام بشیر مغل، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات عامہ، راجہ محمد شریف خان چیف انجینئر شاہرات و جملہ محکمہ کے آفیسران و اہلکاران نے اس المناک حارثہ میں آپریٹر لال حسین قریشی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
واپس کریں