وادی سماہنی کا سیاحتی مقام جنڈی چونترہ، ٹورازم پارک اور ریسٹ ہائوس کی بہتری کے اقدامات ضروری
No image سماہنی آزادکشمیر(رپورٹ بدرالسلام جعفری)آزاد ریاست جموں و کشمیر کی خوبصورت وادی سماہنی کے سیاحتی مقام جنڈی چونترہ میں محکمہ سیاحت ٹورازم آرکیالوجی آزادکشمیر کے زیر اہتمام سیاحوں کیلئے ٹورسٹ ریسٹ ہاوس جنڈی چونترہ کے عین قریب دلکش فیملی پارک کا منصوبہ مکمل نہ ہو سکا، لاکھوں روپے کی لاگت سے پارک میں بچوں کیلئے چھولے فیملی کیلئے بیٹھنے کی جگہ اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں فیملی پارک میں چاروں اطراف حفاظتی جالا لگایا گیا ،ہل اسٹیشن جنڈی چونترہ کے اس پارک سے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے بیشتر علاقے اور وادی سماہنی کا خوبصورت منظر دیکھا جا سکتا ہے، پہاڑی چوٹی پر قائم فیملی پارک سے سر سبز جنگلات کا اور قدرتی حسن کا نظارہ اپنی مثال آپ ہے فیملی پارک کے پاس سیاحوں کیلئے ٹورسٹ ریسٹ ہاوس میں بہترین کمرہ جات مناسب قیمت پر بھی دستیاب ہیں۔ فیملی پارک کے بیشتر چھولے اور دیگر سامان عدم توجہ اور ناقص میٹریل کے باعث تیزی کے ساتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ پارک منصوبہ کے متعلقہ ٹھیکیدار نے پارک کی زمین پر نہ ہی سبز گھاس لگایا اور نہ ہی پیدل چلنے کیلئے ٹائل نصب کی جبکہ فیملی پارک کیلئے سٹاف بھی موجود نہیں۔ تاحال اس پارک کا افتتاح بھی نہ ہو سکا ہے۔ ٹورسٹ ریسٹ ہاوس جنڈی چونترہ کی شاہکار عمارت میں پانی کا مسئلہ بھی حل نہ کیا جاسکا ۔ ریسٹ ہائوس بارشی پانی کے رحم و کرم پر ہے۔ پانی کی سہولت کیلئے بورنگ نلکہ نصب کیا جانا ضروری ہے تاکہ دور دراز سے آنے والے سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر ہو سکے۔ جنڈی چونترہ میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ سال بھر جاری رہتا ہے یہاں کی فضا صحت بخش اور موسم خوشگوار ہوتا ہے
سیاحتی مقام جنڈی چونترہ دربار روڈ پر 6 کروڑ روپے کی لاگت سے آزاد کشمیر کے پہلے ہارٹیکلچر تھیم پارک کے منصوبہ پر بھی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ سیاحوں کیلئے چیئر لفٹ نصب کرنے کیلئے ٹینڈر بھی ہو چکا ہے۔ وادی سماہنی آزادکشمیر شعبہ سیاحت کی ترقی کیلئے انتہائی موزوں ترین ہے۔ وادی سماہنی میں باغسر جھیل ،باغسر فورٹ ،قدرتی آبشاریں، آثار قدیمہ ،قدرتی حسن، سرسبز جنگلات اور دیگر قدرتی مناظر سے مالا مال ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مقامات تک سیاحوں کی رسائی کیلئے بہتر سہولیات کے ساتھ ساتھ ان مقامات کو محفوظ کرنے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے ایک پرکشش مقام کو سیاحت کی ضروریات سے ہم آہنگ کیاجا سکے ۔اس سے اس خطے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
واپس کریں