وادی نیلم میں اخروٹ میلے کا انعقاد،مقامی اجناس اور ہینڈی کرافٹ کی نمائش بھی شامل
No image نیلم 26ستمبر2021(کشیر رپورٹ)ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپو ریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام محکمہ زراعت آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے تعاون سے سیاحتی مقام کیرن میں پہلا سالانہ اخروٹ میلا لگایا گیا۔میلے میں مقامی سطح کی پیداوار کے سٹالز لگائے گئے جس میں مختلف اقسام کے اخروٹ کے علاوہ ناشپاتی،املوک،سیب، انار،کھیرے، بادام اور لوبیا کے سمیت مختلف سبزیاں اور پھل رکھے گئے۔ میلے میں رکھی گئی مقامی سوغات اور ہینڈی کرافٹس میں سیاحوں اور مقامی افرادنے دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپو ریشن آف پاکستان خواجہ خورشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیلم کا خطہ ایک مخصوص ٹراپو گرافی کی وجہ سے مختلف انواع کے پھلوں اور سبزیات کے اعتبار سے آزاد کشمیر کی موزوں ترین جگہ ہے۔ آزاد کشمیر میں بالعموم اور نیلم میں بالخصوص زرعی اجناس کی پیداوار بڑھانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپو ریشن آف پاکستان نیلم میں زرعی اجناس کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے کسانوں کو تکنیکی اور مالی طور پر مدد فراہم کرے گی۔ ہم نیلم میں مختلف مقامات پر لوبیا،مکئی اور دیگر سبزیات کے منصوبہ جات پر کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت جاوید کاد نے کہا کہ حکومت نے نیلم میں کسانوں کو مکئی کے بیج اور کھاد نصف قیمت پر فراہم کی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کسانوں کی مدد جاری رکھیں گے۔ نیلم کی مقامی پیداوار کو بڑھا کر مارکیٹ کرنے سے لوگوں کے معیار کو بہتر بنائیں گے۔ میلے میں سابق وزیر حکومت مفتی منصور الرحمن سمیت صحافیوں، وکلا، کسانوں،سیاحوں سمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نیلم کی مقامی آبادی نے میلے کے انعقاد کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایسے مواقع سے شہریوں کی معیشت میں بہتری آئے گی۔
واپس کریں