دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
جودھپور میں پاکستانی ہندو خاندان کے11 افراد کا قتل، اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے سامنے ہندوئوں کا مظاہرہ اور دھرنا
No image اسلام آباد ۔ پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر سے ہندو ئوں نے بھارت کے شہر جودھپور میں پاکستانی ہندو خاندان کے گیارہ افراد کے قتل کے خلاف دارلحکومت اسلام آباد میں انڈیا کے سفارت خانے کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔پاکستان ہندو کونسل کا کہنا ہے کہ جودھپور میں پاکستانی ہندو خاندان کے افراد کو اس لئے زہر دے کر قتل کیا گیا کیونکہ انڈیا کی انٹیلی جنس '' را'' انہیں مجبور کر رہی تھی کہ وہ واپس پاکستان جا کر انڈیا کے لئے جاسوسی کریں۔ ان کے انکار پر تمام خاندان کو زہر دے کر قتل کر دیا گیا۔
پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی ڈاکٹر رمیش کمار نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندو برادری کا پرامن احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم بھارت کے شہر جودھ پور میں گیارہ پاکستانی ہندوں کے قتل کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے کہا کہ وہ تمام تفصیلات اور تحقیقاتی رپورٹس کاہندو برادری اور پاکستان کے ساتھ تبادلہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ ہر پاکستانی خصوصا ہندو تجارت اور سیاحت کے فروغ کیلئے پرامن ہمسائیگی کا خواہاں ہے۔
رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی رمیش کمارکی سربراہی میں سندھ، خیبرپختونخوا اور ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں ہندو برادری کے ارکان کا کارواں اسلام آباد پہنچا۔ دھرنے کے شرکا نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کیخلاف نعرے بازی کی ، انہوں نے بھارتی حکومت سے اس المناک واقعے کی شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
واپس کریں