دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیر اس وقت تاریک ترین دور سے گزر رہا ہے ، گلگت بلتستان کا مسئلہ باہمی گفت و شنید سے حل ہونا چاہئے۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان
No image پلندری۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر اس وقت اپنے ایک تاریک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی طرف کیے جانے والے ظلم و ستم کی مثال نہیں ملتی۔ وہاں لوگوں سے روزگار چھینا جا رہا ہے، نوجوانوں کو مقید کر دیا گیا ہے، خواتین کی آبروریزی کی جارہی ہے،مودی کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کر رہا ہے۔ ہم عہد کر تے ہیںکہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو آزاد کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ آپ اٹھیں اور عزم صمیم کریں کہ آپ تحریک آزادی کشمیر میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
انہوں نے مولانا محمد سعید یوسف کی طرف سے اٹھائے گے نقطے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا ادراک ہے کہ ان کی جماعت جمعیت علمائے اسلام اور اسی طرح جماعت اسلامی اور حریت کانفرنس کا نقطہ نظر موجودہ گلگت بلتستان کے مسئلے پر یکساں ہے۔ لیکن دیگر سیاسی جماعتوں کا موقف ان سے مختلف ہے۔ صدر نے کہا کہ ان کے نزدیک یہ مسئلہ باہمی گفت وشنید سے حل ہونا چاہیے۔ صدر آزاد کشمیرنے کہا کہ آپ شہیدوں اور غازیوں کی اولاد ہیں، آپ نے ڈوگرہ کو یہاں سے 1947بھگایا تھا اور آپ اب بھی اپنا کردار ادا کریں، آپ امت مسلمہ کا اہم حصہ ہیں اور اسلام کے سچے پیروکار ہیں۔ اسلام صرف انسانوں کی فلاح وبہبود کا درس نہیں دیتا بلکہ پوری بنی نو ع انسانیت کی فلاح کا درس دیتا ہے۔ صدر نے کہا کہ آج میں مولانا محمد یوسف شیخ الحدیث کے دارالعلوم میں کھڑا ہوں جو اس ریاست کی ایک بہت بڑی دینی اور علمی شخصیت تھی۔ ان کی دینی خدمت کو مولانا سعید یوسف نے جاری و ساری رکھا ہوا ہے۔ بعد ازیں صدر نے خان محمد خان ہاسنگ سوسائٹی کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔
صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے پلندری میں المصطفی ٹرسٹ کے زیر اہتمام فری آئی کیمپ کے شرکا اور منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے، بینائی سے محروم لوگوں کی بینائی لوٹانا عظیم خدمت ہے۔ حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ رفاعی تنظیموں کا لوگوں کو صحت اور تعلیم کی سہولیات باہم پہنچانا احسن اقدامات ہیں۔ پلندری میں سردار محمد حیات خان کی کاوشوں سے المصطفی ٹرسٹ کے زیر اہتمام تین روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد خدمت خلق کی روشن مثال ہے۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ سردار حیات خان جو آج کی اس تقریب اور آئی کیمپ کے میزبان ہیں انہوں نے برطانیہ اور بالخصوص سلو ہاکی سیاست میں جو مقام پیدا کیا ہے وہ ہمارے لئے قابل فخر ہے۔ وہ سلو ہامیں کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین ہیں اور وہاں اپنا زبردست منافع بخش کاروبار بھی کرتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ چیرٹی کا بھی زبردست کام کر رہے ہیں۔ ان کی رفاعی تنظیم تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
صدر سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ یہ سرزمین سدھنوتی کرنل خان محمد خان مرحوم بابائے پونچھ کی دھرتی ہے جن کی اس خطہ آزادکشمیر اور بالخصوص پونچھ ڈویژن کے لئے عظیم خدمات ہیں۔ انہوں نے اس خطے کی آزادی کے لئے 1947میں اہم کردار ادا کیا اور 1947سے قبل انہوں نے پونچھ ڈویژن کی نمائندگی بطور اسمبلی ممبر دو مرتبہ کی۔ ان کی خدمت کا یہ سلسلہ اب تیسری اور چوتھی نسل کو منتقل ہو چکا ہے۔ ان کے پوتے ڈاکٹر محمد نجیب نقی آج سدھنوتی کے لوگوں کی شب و روز خدمت میں مصروف ہیں۔
اس آئی کیمپ سے تقریبا ایک ہزار مریض مستفید ہونگے۔ آئی سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم ان مریضوں کا معائنہ کرے گی اور سفید موتیے کا علاج/آپریشن کرے گی اور مریضوں کو فری لینزز مہیا کریں گے۔ تقریب سے وزیر صحت آزاکشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی، سردار محمد حیات خان نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر وویمن کمیشن آزادجموں وکشمیر کی چیئرپرسن بیگم تہمینہ صادق، کمانڈر ریٹائرڈ ظفر اقبال، میجر سکندر، سردار رب نواز، ڈپٹی کمشنر ضلع سدھنوتی اور دیگر تمام ضلعی انتظامیہ بھی موجود تھی۔

واپس کریں