دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیریوں پر انڈیا کے بھیانک مظالم، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر
No image مظفرآباد۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ انتہاپسند مودی کے ظلم کے عبرت ناک انجام کا وقت قریب ہے، کشمیری کب تک قابض بھارتی فوج کے بدترین مظالم سہیں گے ، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ،ہم خونی لکیر پار کرنے کیلئے بے قرار ہیں ، یا تو ظالموں کو مقبوضہ ریاست سے نکال کر باہر پھینکیں گے یا اپنی جانیں قربان کر دینگے۔ سیز فائر لائن پر بھارتی بزدل افواج کے ہاتھوں آج ایک اور بے گناہ شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔ اقوام متحدہ کو مزید خاموش تماشائی بننے کے بجائے مظلوم کشمیریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرنا چاہیے ۔ خونی لکیر پر جام شہادت نوش کرنے والے افواج پاکستان کے جوان کو سلام پیش کرتا ہوں۔
بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر لائن پر معصوم شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں وزیر اعظم نے کہاکہ مودی کی بھول ہے کہ وہ ظلم اور جبر سے کشمیر یوں کو جھکا لے گا،جب تک آخری کشمیری زندہ ہے ہندوستان کے خلاف مزاحمت کرنے کیلئے برسرپیکار رہے گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ۔ وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کو انسانی تاریخ کے بدترین مظالم سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ کشمیریوں نے بہت مظالم سہہ لیے ،اپنی تین نسلیں آزادی کیلئے قربان کر چکے ہیںلیکن ان کے جذبہ میں کمی نہیں آئی۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ساتھ سیز فائر لائن پر آبادآزادکشمیر کی شہری آبادی کو بھی نشانہ بنارہا ہے تاکہ دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک سکے ۔ انہوںنے کہاکہ خونی لکیر پر بسنے والے شہریوں کے حوصلے اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہوں ، وہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اقوام متحدہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے اپنا عملی کردار ادا کروائے ۔ ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ۔ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کیلئے سربکف ہیں۔ ہندوستان نے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کیلئے لاکھوں انتہاپسند ہندوں کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل جاری کر دیے اور کھلم کھلا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے لیکن اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ چن چن کر کشمیری مسلمانوں کو شہید کیا جارہا ہے ان کی املاک تباہ کی جارہی ہیں اور فوجی محاصرے میں رکھ کر انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

واپس کریں