دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اپوزیشن اتحاد'' پی ڈی ایم'' کا اجلاس،11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے سے حکومت مخالف تحریک کے آغاز کا اعلان
No image
اسلام آباد۔ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)نے 11 اکتوبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تحریک کے پہلے جلسے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ منگل کو اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں کیا گیا۔اس ہنگامی اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، ایازصادق اور خواجہ سعدرفیق ، پیپلزپارٹی کی طرف سے راجہ پرویزاشرف، نیئر بخاری، شیری رحمان، جمعیت علمائے اسلام کی طرف سے مولانا عبدالغفورحیدری اور اکرم درانی ، شاہ اویس نورانی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے میاں افتخار، عثمان کاکڑ، جہانزیب جمالدینی و دیگر رہنما بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری اور '' پی ڈی ایم'' کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت 11 جماعتیں شامل ہیں۔
اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماشاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ''پی ڈی ایم ''کی اسٹیئرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جس کے سربراہ احسن اقبال ہوں گے اور اس میں ہر جماعت سے دو ممبران شامل ہوں گے، 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا پہلا جلسہ ہوگا جس سے پورے ملک میں حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز ہوگا اور یہ تحریک ملک کو غیر جمہوری عمل سے نجات دلائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں پر سب جماعتیں متفق ہیں اور یہ سیاسی تاریخ میں سنہرا قدم اور حقیقی سیاسی تبدیلی ہوگی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اجلاس میں ملک میں جمہوریت کے لئے کم ہوتی ہوئی جگہ، آئینی پامالی، پارلیمنٹ پر قدغن، مہنگائی و بیروزگاری اور بے مثال کرپشن کی مذمت بھی کی گئی۔
واپس کریں