دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقبوضہ جموں و کشمیر میں آرمڈ فورسز کے29 مستقل کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں
No image سرینگر۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انڈیا کی سنٹرل ریزرو پولیس فورس( سی آر پی ایف) کے 29 مستقل کیمپ قائم کیئے جا رہے ہیں جس کے لئے تیزی سے انتظامات کئے جا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں 20اور جموں میں 9پیرا ملٹری فورسز کیمپ قائم کئے جائیں گے۔ سی آر پی ایف چھاونیوں کیلئے درکار اراضی کی خاطر گزشتہ ہفتے نئی دہلی میں وزارت داخلہ دفتر میں ایک اعلی سطحی میٹنگ میں اس کی منظور ی دی گئی جس میں مرکزی وزارت کے سینئر عہدیداروں سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ سے وابستہ آفیسران نے بھی شرکت کی۔جموں وکشمیر سرکار سے اراضی کی نشاندہی کرنے کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارتی وزارت داخلہ نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو وقت مقررہ کے اندر اندر اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
'سی آر پی ایف' کے ڈائریکٹر جنرل اے پی مہیشواری کی جانب سے بھی ایک خط لکھا گیا جس میں بتایا گیا کہ جموں وکشمیر میں سی آر پی ایف کی بھاری تعیناتی ہے لہذا اس کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقل چھاونیاں قائم کرنا اب ناگزیر بن گیا ہے۔ اس خط میں یہ بھی لکھا گیا کہ چونکہ سی آر پی ایف کے اہلکار جموں وکشمیر میں کافی عرصہ سے تعینات ہیں لہذا انہیں ان چھاونیوں میں رہائشی سہولیات بھی فراہم کی جانی چاہئے تاکہ چھٹیوں کے ایام میں وہ اپنے اہلِ و عیال کے ساتھ رہ سکیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف میں خود کشیوں کے بڑھتے ہوئے رجحا ن کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت انہیں چھاونیوں میں رہائشی سہولیات فراہم کرنے پر غور وغوض کر رہی ہیں تاکہ وہ ڈیوٹی دینے کے بعد اپنے اہلِ و عیال کے ساتھ وقت گزار سکے۔
جہاں پر یہ چھاونیاں قائم کی جارہی ہیں ان میں رامن بن ، کٹھوعہ ، جموں ، ڈوڈہ ، ادھم پور ، ریاسی ، راجوری ۔ کشمیر میں سرینگر ، بڈگام ، گاندربل ، بانڈی پورہ ، بارہ مولہ ، کپواڑہ ، کولگام ، پلوامہ اور شوپیاں شامل ہیں۔ 'سی آر پی ایف' زکورہ میں آٹھ کنال اراضی ، گاندربل میں پانچ ، پلوامہ میں پانچ ، قاضی گنڈ میں سات کنال اراضی مانگ رہی ہیں۔ اب یہ معاملہ مرکزی وزارت داخلہ اور جموں وکشمیر انتظامیہ کے درمیان ہے۔ اور ایک انڈین آفیسر کے مطابق چونکہ جموںوکشمیر میں عسکریت کو بڑھاوا دینے کی خاطر منصوبہ بندی کی جارہی ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے یہاں پر سی آر پی ایف کی تعیناتی لازمی ہے۔

واپس کریں