دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سعودی عرب حکومت کی حج اور عمرے کے لئے نئی ہدایات
No image ریاض۔ سعودی حکومت نے ایک عمرے کی ادائیگی کے بعد دوسرے عمرے کے لیے 14 روز کا وقفہ لازمی قرار دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب حکومت نے حج اور عمرہ پر سعودی عرب آنے والے زائرین کے لئے نئی ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق ایک بار عمرہ کرنے کے بعد دوسرا عمرہ کرنے کے لیے لازمی طور پر 14 روز کا وقفہ لینا ہوگا تاکہ اس دوران کورونا وائرس سے بچا کے لیے ضروری اقدامات کے تحت دوسرے افراد کو عمرے کی ادائیگی کا موقع مل سکے۔سعودی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ زائرین کی صحت کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت ایسے دستیاب مقامات کا جائزہ لے رہی ہے جنہیں زائرین عمرہ کی ادائیگی کے لیے استعمال کرسکیں۔سعودی وزیر نے بتایا کہ کہ عمرے کے لیے اب تک 35 ہزار درخواستوں کی رجسٹریشن کرلی گئی ہے جس کے بعد پہلے مرحلے کے تحت 4 اکتوبر سے زائرین عمرہ کی ادائیگی شروع کردیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں زائرین 6 مختلف اوقات میں عمرہ ادا کریں گے اور ہر زائر کو اس کے لیے تین گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ مغرب سے لے کر عشا ء تک زائرین کو عمرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ان اوقات میں صفائی اوراسپرے کیا جائے گا جس کے بعد درمیانی شب سے دوبارہ عمرے کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔
واپس کریں