دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے تحریک انصاف کے بینرز پر آرمی چیف کی تصویر کے معاملے کا نوٹس لے لیا،سخت کاروائی کاحکم
No image مظفر آباد۔ آزاد جموں وکشمیر کے الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو اپنے اخبارات کے اشتہارات اور پانافلیکس بینرز اور پوسٹروں میں فوجی افسران ، خاص طور پر آرمی چیف ، اور عدلیہ جیسے کسی بھی دوسرے اداروں کے سربراہوں کے استعمال کے خلاف سیاسی جماعتوں کو متنبہ کیا ہے۔انگریزی روزنامہ '' ڈان '' نے اپنے نمائندے طارق نقاش کے حوالے سے بتایا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنما کے استقبال بینر کی تصویر سوشل میڈیا پہ وائرل ہونے پریہ حکم جاری کیا گیا۔مظفر آباد میںتحریک انصاف کے آویزاں بینرز میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصویر مرکزی قائد کے طور پر لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مسلم کانفرنس کے بینرز وغیرہ میں بھی آرمی چیف کی تصویر لگائی جاتی ہے۔گزشتہ دنوں ہی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارلیمانی سیاستدانوں کے ایک اجلاس میں کہا تھا کہ فو ج کو سیاست سے دور رکھا جائے۔
طارق نقاش کے مطابق آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ہمیں شکایات موصول ہوئی ہیں کہ کچھ سیاسی پارٹیاں اپنے اشتہارات اور پانافلیکس بینرز میں آرمی چیف کی تصاویر استعمال کررہی ہیں،قانون کے تحت کوئی بھی فرد یا سیاسی جماعت آرمی چیف یا کسی دوسرے ادارے کے سربراہ کی تصاویر کی بنیاد پر کوئی مہم استعمال نہیں کرسکتی ۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدام سے انتخابی ایکٹ 2020 کے سیکشن 21 کے تحت [سیاسی جماعت یا اس کے متعلقہ رہنما کی نا اہلی کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی ایکٹ کی دفعہ 106 کے تحت ضابطہ اخلاق کی پابند ہیں اور وہ اس سے انحراف نہیں کرسکتی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس طرح کے تمام بینرز اور پوسٹروں کو فوری طور پر ہٹانے کے علاوہ ان کے حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا آغاز کریں۔اس حکم کی تعمیل میں مظفرآباد ، پونچھ اور میرپور کے ڈویژنل کمشنرز سے الیکشن کمیشن کے سکریٹری نے کہا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے ضروری کام کریں۔

واپس کریں