دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ملک میں مہنگائی کا طوفان، بھیک مانگنے والوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ، معاشی بحران بڑہتا جا رہا ہے
No image راولپنڈی۔ ملک میں مہنگائی کے طوفان کی صورتحال میں جہاں بے روزگاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے وہاں بھیک مانگنے والوں کی تعداد میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔راستوں ،چوراہوں پہ بھیک مانگنے والے بڑی تعداد میں نظر آتے ہیں۔ملک کے مختلف حصوں کی طرح دارلحکومت اسلام آباد میں بھی بھیک مانگنے والوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر انتظامیہ نے اسلام آباد میں بھیک مانگنے والوں کے خلاف گزشتہ دنوں کاروائی کا آغاز کیاگیا۔راولپنڈی میں بھی بھیک مانگنے والوں کی تیزی سے بڑہتی تعداد تشویشناک صورتحال کی عکاسی کر رہی ہے۔بھیک مانگنے والے صرف سڑکوں پہ ہی نہیں بلکہ گھر گھر دروازے کھٹکھٹا کر بھی اپنی مجبوری بتاتے ہوئے مالی تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔ان میں پیشہ ور بھکاریوں کی علاوہ بڑی تعداد میں ایسے افراد بھی نظر آتے ہیں جو حقیقت میں حالات سے مجبور ہو کر بھیک مانگنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ملک میں مہنگائی کی صورتحال بدتر سے بدترین ہو چلی ہے اور سفید پوش طبقہ بھی دو وقت کے کھانے سے محروم ہو رہا ہے۔اس کے ساتھ ہی بجلی،گیس کے بلوں میں گراں اضافہ اور نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں بے لگام اضافہ بھی عوام کے لئے بڑی پریشانی اور معاشی دبائو کا سبب ہے۔معاشی دبائو کی اس صورتحال میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔یہ صورتحال ملک میں مختلف خرابیوں اور جرائم کا سبب بھی بن رہی ہے۔عوام پر اس شدید معاشی دبائو کی صورتحال ملک میں معاشی بحران کی عکاس ہے۔
واپس کریں