دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیریوں کے خلاف ہتک آمیز بیانات برداشت نہیں کریں گے، پاکستانی سیاست میں بطور کشمیری فریق شرکت ۔وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان
No image مظفر آباد ۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں معرض وجو د میں آیا اور جمہوری نظام ہی اس کی ترقی اور بقاکا ضامن اور کشمیریوں کو آزادی دلوا سکتا ہے۔یہ واحد ملک ہے جو دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی امید اور ہندوستان کے توسیع پسندانہ عزائم کے راستے کی رکاوٹ ہے،آزادکشمیر کے الیکشن کسی کو چوری کرنے دینگے نا ہی' جی بی' والا کھیل کوئی یہاں کھیل سکتا ہے،پری پول رگنگ ہوگی نا ہونے دینگے،جنہوں نے مجھ پر غداری کی ایف آئی آر درج کروائی انہیں ندامت اور شرمندگی بھی نہیں اس سے بڑی بدقسمتی اور کیا ہوسکتی ہے جس دن بلایا گیا تو خود ہتھکڑی پہن کر جاونگا ملک پاکستان کے لیے کوئی گردن بھی اڑا دے تو میری اولاد اس پر کوئی مقدمہ نہیں کریگی۔میر ے والد نے جمہوریت کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں،انہیں ریاست بدر بھی کیا گیا لیکن انہوں نے پاکستانیت اور جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں کیا،یہ مجھ پر آج تک ہونے والی پہلی ایف آئی آر ہے،کسی سے گلہ نہیں کرتا ہمارے گھر پر انڈین ائیر فورس نے بمباری کی احسان فراموش نہیں کہ مشکل وقت میں نوازشریف کا ساتھ چھوڑ دیں ہمارے بارے میں یہ رائے کہ اسلام آباد میں آنے والی ہر برسراقتدار پارٹی کے ساتھ ہوتے ہیں مسلم لیگ ن آزادکشمیر نے تبدیل کر کے دکھائی، میں نے اور میری کابینہ نے پانچ اگست کے بعد سیاست نہیں کی اور قومی معاملات پر پوائنٹ سکورنگ سے گریز کیا وگرنہ اگر ہم بولتے تو پھر سب کو سمجھ آجاتی اس پر انہیں ہمارا شکر گزار ہونا چاہیے۔
وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ شیخ رشید نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی قربانیوں کا مذاق اڑایا وہ اپنے آپ کو کشمیری بھی کہتے ہیں،زلزلہ متاثرین کے لیے آنے والے فنڈز اگر منتقل نا ہوتے تو آج تعمیر نو مکمل ہو چکی ہوتی اب کئی گنا زیادہ لاگت آئیگی،حکومت پاکستان پندرہ ارب روپے کی کٹ ختم کرے۔یہ ٹیکسز میں ہمارا حصہ ہے۔نواز شریف ہمارے قائد محب وطن تین دفعہ کی وزیر اعظم ہیں جنہوں نے پانچ آرمی چیف تعینات کیے میں وزیر اعظم ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی جماعت کا صدر بھی ہوں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف ہتک آمیز بیانات کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں شرکت ہمارا حق ہے۔کشمیر کے حوالہ سے پاکستان کی سیاست میں ہم بطور فریق شرکت کر سکتے ہیں۔میاں محمد نواز شریف نے
آئین پاکستان پر عمل کرنے کا کہا اس پر نوازشریف کو انڈین ایجنٹ قرار دینا افسوسناک ہے۔قائد اعظم کی آخری خواہش تھی کہ کشمیریوں کو اپنی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ ایسے میں ہماری کیا اوقات ہے۔تین مرتبہ کے منتخب وزیر اعظم کو غدار کہنے والے دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔مجھے کو ئی بلیک میل نہیں کر سکتا نہ ہی کسی سے ڈرتا ہوں۔پاکستان جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا۔ پاکستان کی بقا صرف جمہوری نظام سے ہی ہے۔
وزیراعظم راجہ فارق حیدر نے کہا کہ کشمیریوں کو آزادی صرف جمہوری پاکستان ہی دلا سکتا ہے۔ہندوستان کے سامراجی نظام کے خلاف جمہوری پاکستان واحد رکاوٹ ہے۔ پاکستان تمام اسلامی ممالک کی طاقت کا ضامن ہے۔مضبوط پاکستان مضبوط دفاع کا ضامن ہے۔ غداری کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے پاکستان ماضی میں بھی دولخت ہوا۔ وزیرا عظم پاکستان کو نااہل مشیران سے نجات حاصل کرنی چاہیے۔ ہم افواج پاکستان کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادکشمیر کے سارے لوگ لائن آف کنٹرول پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہندوستانی جارحیت کی صورت میں ان سے آگے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کے ساتھ بڑھ چڑھ کر تعاون کیاجس پر ہم انکے مشکور ہیں اور انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ہم نے شفاف اور بلاتفریق احتساب کی کبھی مخالفت نہیں کی ہم نے احتساب کے قانون میں ترامیم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سنگین ہے جس پر بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ پچھلے ایک سال میں ہزاروں لاکھوں لوگوں کو ڈومیسائل دے کر مقبوضہ جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مشکل جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مزاحمت کی تحریک کو جاری رکھا ہوا ہے۔ کشمیری ہندوستان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔یہ وہ جدوجہد ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔5اگست کے بعد کشمیریوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس پر ہم بھی سیاست کر سکتے تھے ہم نے پاکستان کے ساتھ تعلق بھرپور انداز نبھایا ہے اگر اپنے فرض ادا نہ کر سکے توہم کل کو مظلوم کشمیریوں کو کیا جواب دیں گے۔مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کی جا رہی ہے جو تشویش ناک امر ہے۔ایسے وقت میں ہمیں آپس کے جھگڑے ختم کر کے کشمیریوں کا ساتھ دینا ہوگا تاکہ تحریک آزادی کشمیر کامیابی سے ہمکنار ہوسکے۔

واپس کریں