دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کی مرکزی مجلس عاملہ سے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کا خطاب، متفقہ قرار داد
No image اسلام آباد۔ مسلم لیگ( ن) آزادکشمیر کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس، اجلاس کی صدارت صدر مسلم لیگ ن وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کی۔اجلاس میں وزرا کرام،اراکین پارلیمانی پارٹی کے علاوہ مرکزی عہدیداران و اراکین مجلس عاملہ نے شرکت کیاجلاس میں سینیر وزیر چوہدری طارق فاروق کی جانب سے پیش کر دہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف،صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر ووزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان سمیت دیگر پر غداری کے مقدمے کی شدید مذمت کی گئی۔قرارداد میں 5 اگست 2019 کے ہندوستانی اقدامات کی شدید مذمت اور حکومت پاکستان سیاسی سفارتی حمایت سے آگے بڑھنے کا مطالبہ کیا گیا۔
قراردادمیں کہا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آزادجموں وکشمیر کی مرکزی مجلس عاملہ کا یہ اجلاس قائد پاکستان پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے ان کے بیانیے ووٹ کو عزت دو اور لندن سے مسلم لیگ(ن)کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، سنٹرل ورکنگ کمیٹی اور اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کی مکمل تائید کرتے ہوئے پاکستان میں نام نہاد احتساب کے نام پر گرفتار جملہ سیاستدانوں کی فوری رہائی کامطالبہ کرتا ہے بالخصوص پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد شہباز شریف، قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف اور جھوٹے ومن گھڑت مقدمات میں ماخوذ دیگر سیاسی راہنمائوں و کارکنوں، ایڈیٹر انچیف جنگ میر شکیل الرحمن سمیت سب کی رہائی اور جھوٹے مقدمات کے خاتمہ کا مطالبہ کرتا ہے۔
اجلاس گزشتہ دنوں قائد محترم محمد نواز شریف، وزیراعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور دیگر سیاسی راہنماوں پر شاہدرہ تھانہ میں غداری کے مقدمات کے اندراج کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ اس امر کی تحقیقات کرتے ہوئے کہ ان مقدمات کے پیچھے جن افراد کا ہاتھ ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
اجلاس قرار دیتا ہے کہ گلگت و بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا جزو لاینفک ہے۔ ہم گلگت وبلتستا ن کے جملہ سیاسی و انسانی حقوق کی پ ر زور حمایت کرتے ہیں لیکن کسی ایسے اقدام جس سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر پر زک پڑے اس سے اجتناب کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں نیز ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت و بلتستا ن کے آنے والے عام انتخابات کے انعقاد کو شفاف اور منصفانہ بنایاجائے اور کسی قسم کی بیرونی مداخلت اور انتخابات کے عمل کو ہائی جیک کرنے سے اجتناب کیا جائے۔
اجلاس مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں 5 اگست،2019 سے پیدا شدہ صورتحال اور بھارتی افواج کی جانب سے کشمیر یوں کے محاصرے، آبادی کے تناسب کو بدلنے اور ڈومیسائل و سٹیٹ سبجیکٹ قوانین کے تبادلے اور بیرونی افراد کی آبادکاری کی مذمت کرتا ہے اور حکومت پاکستان و دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشمیر یوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے کے بھارتی ہتھکنڈوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔ پاکستان محض سیاسی، سفارتی حمایت سے بڑھ کر عملی اقدامات کرے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں زیر حراست محصور افراد کو آزادانہ زندگی بسر کرنے کا موقع میسر آئے۔
اجلا س راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں حکومت کی گزشتہ چار سالہ کارکردگی، تعمیر و ترقی، قانون ساز اسمبلی میں قانون سازی کے عمل بالخصوص ختم نبوت بل کے نفاذ اور تیرہویں آئینی ترمیم کی منظوری کی مکمل حمایت و تائید کرتا ہے۔اجلاس میں تمام شرکا نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی چار سالہ کارکردگی ہر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ چار سالوں میں سب سے زیادہ تعمیر و ترقی ہوئی ،ریاست ما بجٹ دوگنا کرنے کے ساتھ ساتھ تیرہویں آئینی ترمیم کے ذریعے منتخب اسمبلی کو اختیارات واپس دلائے گئے۔ ختم نبوت کو آئین کا حصہ بنایا گیا۔وزیر اعظم کمیونٹی انفرا سٹرا کچر پروگرام کے ذریعے آزاد کے ہر گاوں گلی اور کوچے میں ترقیاتی کام کروائے گئے۔ میرٹ اور اہلیت و صلاحیت کی بنیاد پر لوگوں کو روزگار فراہم کیا۔جماعتی عہدیداران کو صوابدیدی عہدوں پر ایڈ جسٹ کیا۔مسلم لیگ ن نے انتخابات میں عوام سے جو وعدے کیے تھے ان پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا ، ہمارے اقدامات کی وجہ سے ریاست ترقی کی جانب گامزن ہے۔بلدیاتی انتخابات میں عدالت کی جانب سے حکم امتناعی کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر کام کیا ، ہر ضلع میں عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبہ جات لگائے گئے اور ان کی تعمیر میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے پالیسیاں بنا کر ان پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔محمد نواز شریف نے اپنے دور میں وافر مقدار میں آزاد کشمیر کو فنڈز دیے جس کی وجہ سے ریاست میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوا۔انہوں نے کہا کہ بھمبر سے لیکر تا بٹ اور حویلی تک آزاد کشمیر میں ہمارے دور کت لگائے گئے منصوبہ جات نظر آرہے ہیں۔ ہمارے اقدامات کی بدولت آزاد کشمیر میں رہنے والا ہر شخص تبدیلی محسوس کررہا ہے۔ اجلاس میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری جنرل مسلم لیگ شاہ غلام قادر نے سرانجام دیے جبکہ سٹیج پر سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزراء حکومت چوہدری محمد عزیز، راجہ مشتاق احمد منہاس، ڈاکٹر نجیب نقی موجود تھے۔ اجلاس دن بھر جاری رہا اور پارلیمانی پارٹی اور مرکزی مجلس عاملہ کے تمام اراکین نے خطاب کیا۔
واپس کریں