دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
حکومت کے جاری 'ایس او پیز' پر عمل یقینی بنایا جائے، چیف سیکرٹری شہزاد بنگش کی صدارت میں کورونا صورتحال کا جائزہ اجلاس
No image مظفر آباد۔چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطحی اجلاس میں آزادکشمیر کے اندر کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسزاور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کروانے کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سکولز زاہد عباسی ، سیکرٹری ہائرایجوکیشن ظہیر الدین قریشی، سیکرٹری سٹیٹ ڈایزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی شاہد محی الدین قادری، سپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالحمید مغل ، کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النسا، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سردار آفتاب ، پرنسپل سٹاف آفیسر بدر منیر جبکہ ویڈیو لنک پر سیکرٹری ہیلتھ میجرجنرل احسن الطاف ستی ، کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری رقیب ، کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمان نے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر آفتاب نے کرونا وائرس کی تازہ صورتحال اور اس سے نبردآزما ہونے کیلئے کیے گئے اقدامات کے حوالہ سے بریفنگ دی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے جاری کردہ حفاظتی SOPپر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ جن علاقوں میں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں وہاں سمارٹ لاک ڈان اور مائیکرو سمارٹ لاک ڈان لگایا جائے گا۔ محکمہ صحت عامہ ، انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کی کوآرڈینینشن یقینی بنائی جائے گی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہاکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ ضلع مظفرآباد میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جو تشویشناک امر ہے ، اس کی مانیٹرنگ کی جائے اور متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر سمارٹ اور مائیکرو لاک ڈان نافذ کیا جائے تاکہ یہ وبامزید نہ پھیل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ شادی ہالز اور ٹرانسپورٹ کے حوالہ سے جاری کردہ حفاظتی اقدامات پر بھی عملدرآمد کروایاجائے اور شادی ہالز میں اس کی کل گنجائش کے پچاس فیصد لوگوں کو اجازت دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ مجسٹریٹ صاحبا ن مختلف بازاروں اور دیگر علاقوں کے سرپرائز وزٹ کریں اور صورتحال کا جائزہ لیکر ایس او پی پر عملدرآمد کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں ۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ میڈیا کے ذریعے زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے تاکہ لوگ ایس او پی پر عملدرآمد کر یں ۔ اگلے چند دنوں میں اس حوالہ سے اقدامات پر عملدرآمد ہوتا ہوا نظرآنا چاہیے ۔ کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ تعلیمی اداروں کی بھی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ طلبا و طالبات اس وباسے محفوظ رہ سکیں۔
واپس کریں