دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرار دادیں
No image مظفر آباد۔سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں وزرا کرام سردار میر اکبر خان، راجہ محمد صدیق خان،ناصر حسین ڈار ممبران اسمبلی عبدالرشید ترابی، پیر علی رضا بخاری اور محترمہ سحرش قمر کی جانب سے پیش کر دہ قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان کی جانب سے پیش کر دہ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیرکا یہ اجلاس مقبوضہ جموں وکشمیر میں تازہ ریاستی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں مقبوضہ کشمیر میں 05اگست 2019کے بھارتی اقدام کے بعد ایک سال کا زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام مسلسل محاصرے میں ہیں۔ قابض بھارتی افواج کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے اور گھر گھر تلاشیوں کے ذریعے نوجوانوں کو گرفتار کر کے ہندوستان کی مختلف جیلوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ حال ہی میں نوجوان کشمیر ی رہنما بابر قادری ایڈووکیٹ کو سر عام گولی مار کر شہید کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح عام شہریوں اور مزدوروں کو بھی ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔ سٹیٹ سبجیکٹ قوانین میں ترمیم کر تے ہوئے غیر ریاستی باشندوں خصوصا انتہا پسند ہندووں کو مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں آباد کیا جارہا ہے اور یاست جموں وکشمیر کی Demography تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔ قائد ین حریت کو پابند سلاسل کر دیا گیا ہے۔
اس معزز ایوان کی رائے میں ریاست جموں وکشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرار دادوں کے مطابق رائے شماری میں ہی مضمر ہے۔ یہ اجلاس حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور مسئلہ کشمیر پر OICاور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس منعقد کروانے کا اہتمام کرے۔ یہ ایوان اقوام متحدہ، عالمی برادری، OICیورپین یونین اور دنیا کی دیگر تمام معزز اقوام سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیا جائے۔ یہ ایوان حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ گلگت بلتستان جو ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے کا سٹیٹس تبدیل کئے بغیر وہاں کے عوام کو سیاسی و آئینی حقوق دئیے جائیں تاکہ رائے شماری کے وقت گلگت بلتستان کے عوام بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔
وزیربحالیات آزادریاست جموں وکشمیر راجہ محمد صدیق خان کی جانب سے پیش کر دہ قرار دادا میں کہا گیا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی رہنما، جامع فاروقیہ کراچی کے پرنسپل وشیخ الحدیث، بین الاقوامی شہرت یافتہ اسلامک اسکالر مولانا پروفیسر ڈاکٹر محمد عادل خان کو گزشتہ ہفتے کراچی میں اسلام اور پاکستان کی سالمیت کے دشمنوں نے نقب لگا کر شہید کرد یا تھا۔ شہید ڈاکٹر عادل خان ممتاز اسلامک سکالر، اتحاد امت کے داعی اور پاکستان کے استحکام، سالمیت کے داعی تھے۔ وہ بہت سی کتابوں کے منصف بھی تھے۔ حال ہی میں ان کی ایک کتاب تاریخ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے شائع ہوئی ہے۔ ان پر حملہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔ یہ معزز ایوان مولانا پروفیسر ڈاکٹر محمد عادل خان مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ فاروقیہ کراچی و مرکزی رہنما وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مظلومانہ شہادت پرا ن کے لواحقین اور دنیا بھر میں معتقدین اور متعلقین سے تعزیت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان شہید اور عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ جامع العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹان کراچی کے شعبہ تخصیص فی الحدیث (PHD)کے انچارج حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالحلیم چشتی کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے قیام پاکستان و استحکام پاکستان اور ملی و دینی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ نیز حالیہ فرقہ واریت کی لہر کو ملک و ملت کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیتا ہے۔ یہ ایوان 14 مئی 2020 کو اتفاق رائے سے عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت ۖو ناموس صحابہ و اہل بیت کے تحفظ کے لیے اتفاق رائے سے منظور کردہ قرارداد کی روشنی حکومت سے جلد از جلد قانون سازی کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ فرقہ واریت کا سد باب ہو سکے۔
ممبراسمبلی عبدالرشید ترابی کی جانب سے پیش کر دہ قرار داد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس ترکی کے صدر جناب رجب طیب اردگان کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر کشمیر یوں کے حق خودارادیت کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں،ان کی حکومت اور ترک عوام کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مسلسل حمایت پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ اجلاس جناب طیب اردگان کی اس تجویز کی بھی حمایت کرتا ہے کہ اقوام متحدہ پر محض پانچ ممالک کی اجارہ داری ختم کرتے ہوئے اسے ایک حقیقی جمہوری فورم بنایا جائے جو دنیا میں امن اور بقائے باہمی کے قیام میں موثر کردار ادا کر سکے اور کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسائل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے حل کر سکے۔ قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس ترک عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ترکی کی ترقی و استحکام کے لیے دعا گو ہے اور ان عناصر کی سازشوں کی مذمت کرتا ہے جو ترکی کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیرایس ڈی ایم اے احمد رضا قادری نے ممبر اسمبلی سحرش قمر کے کرونا وائرس کے حوالہ سے توجہ طلب نوٹس کے جواب میں کہا کہ حکومت کرونا وائرس کے تدارک کے لیے بہترین حکمت عملی پر عملدرآمد کر رہی ہے اس حوالہ سے کابینہ اجلاس میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کو احکامات دیے گئے ہیں۔نیز سوشل ڈسٹنسنگ اور ہجوم کو ختم کرنے کے لیے دفاتر میں غیر ضروری افراد کے داخلے کو روکا جائے گا۔ اور ماسک کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس حوالہ سے آگاہی مہم پر بھی زور دیا جا رہا ہے تاکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملد رآمد کریں۔
واپس کریں