دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
فاروق عبداللہ کی سربراہی میں بھارت نواز سیاسی رہنمائوں کےاتحاد '' پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن'' کا اعلان
No image سرینگر۔ مقبوضہ کشمیر کے بھارت نواز سیاستدانوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی گزشتہ سال کی پانچ اگست سے پہلے کی پوزیشن بحال کرنے کے لئے ایک سیاسی اتحاد '' پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن'' قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پہ ہونے والے اجلاس کے بعد فاروق عبداللہ نے صحافیوں کو بتایا کہ الائنس کی اگلی میٹنگ میں ریاست جموں و کشمیر کے تمام خطوں کے عوامی نمائندوں کی شمولیت کی کوشش کی جائے گی۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ '' ہم نے گپکار ڈیکلریشن کا نام بدل کر پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ہماری جنگ ایک قانونی جنگ ہے۔ ہمارا مقصد اور مطالبہ ہے کہ حکومت ہند جموں و کشمیر کی پانچ اگست سے پہلے کی پوزیشن بحال کرے۔ ہماری جدوجہد جموں و کشمیر اور لداخ کے حقوق کی بحالی کے لئے ہے۔ یہ وہ حقوق ہیں جو ہم سے چھینے گئے ہیں'۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ابھی بھی حل طلب ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس کے حل کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا: 'مسئلہ کشمیر کا بھی سیاسی حل ڈھونڈا جائے۔ مسئلہ کشمیر کے تمام متعلقین سے بات چیت کی جائے'۔ نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ ہم لوگ بہت جلد پھر سے ملاقات کریں گے اور آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا: 'ہم دیگر خطوں کے نمائندوں اور لوگوں سے بھی بات چیت کریں گے''۔ اس موقع پر نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، جموں وکشمیر پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر، سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی، جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون، جموں و کشمیر عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفر شاہ وغیرہ موجود تھے۔
واپس کریں