اپوزیشن کی شدید نعرے بازی پر وزیر اعظم عمران خان تقریر کرنے میں ناکام رہے اور ایوان سے چلے گئے
No image اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے لئے تیاری کر کے آئے لیکن اپوزیشن کے احتجاج اور شدید نعروں پہ وہ تقریر کئے بغیر ایوان سے باہر چلے گئے۔وزیر اعظم عمران خان کی روانگی کے وقت اپوزیشن نے '' بھاگ گیا بھاگ گیا'' کے نعرے لگائے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا جمعہ کی شام بلایا گیا ہنگامی اجلاس اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا، ذرائع کے مطابق حکومت کی یہ حکمت عملی جلسے سے توجہ ہٹانے کے لیے تھی لیکن کامیاب نہ ہو سکی۔ وزیراعظم اجلاس شروع ہوتے ہی ایوان میں پہنچے اور ان کے مجوزہ خطاب کی بھرپور تیاری تھی مگر اپوزیشن نے بینرز اٹھاکر شدید نعرے بازی شروع کردی۔اپوزیشن نے آٹا، چینی چور کی سرکار نہیں چلے گی، مک گیا تیرا شو نیازی،گو نیازی گو نیازی کے نعرے لگائے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایوان کی کارروائی چلانے کے لیے بار بار ہاس ان آرڈر پکارتے رہے مگر اپوزیشن نے ایک نہ سنی اور وزیراعظم کو نشانے پر لیا۔اپوزیشن کے احتجاج کے دوران وزرا نے ان کے گرد حفاظتی حصاربنائے رکھا تاہم اپوزیشن کی مسلسل ہنگامہ آرائی کے باعث اسپیکر کو ایوان کی کارروائی 20 منٹ کے لئے معطل کرنا پڑی اور اسی دوران وزیراعظم بغیر تقریر کیے ایوان سے چلے گئے۔بعدازاں اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نے کہا آج پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ تھا اور اجلاس رکھ دیا گیا، اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ نہیں ہوتی۔اس کے بعد نویدقمر کی کال پر اپوزیشن واک آٹ کرگئی۔
واپس کریں