دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر حکومت کو کشمیریوں کی نمائندہ حکومت تسلیم، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کے ہاتھ میں دیا جائے۔ راجہ فاروق حیدر کا حکومت پاکستان سے مطالبہ
No image اسلام آباد۔یکم اپریل 2022( کشیر رپورٹ)سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و سابق صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ معاہدہ کراچی کے تحت کشمیریوں کا مسئلہ کشمیر میں کو ئی کردار نہیں ہے، اکتوبر 1947کے اعلان" آزاد کشمیر "پر عمل درامد کیا جائے، آزاد کشمیر حکومت کو کشمیریوں کی نمائندہ حکومت تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کشمیریوں کے ہاتھ میں دیا جائے، جب تک کشمیری خود اپنا مسئلہ لے کر دنیا میں نہیں جائیں گے یہ سرحدی تنازعہ ہی رہے گا۔اخبارات معاشرے کی آنکھ ہوتے ہیں، ان کی اہمیت ہے جنہیں پڑھ کر سیاسی و معاشرتی، ملکی و غیر ملکی مسائل کا پتہ چلتا ہے، ریاستی اخبارات کشمیری عوام کے حق رائے شماری کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب میں ریاستی اخبار جنت نظیر کی سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے آزاد کشمیر کے سابق وزیر، مسلم لیگی رہنما چوہدری محمد عزیز، چیف ایڈیٹراعجاز خان، راجہ ماجد افسر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں چوہری امجدحسین، سردار عابد عباسی، سردار زاہد تبسم، عقیم انجم، راجہ ابرارحسین، مسلم لیگ ن کے رہنما فدا حسین کیانی اور صحافیوں کی ایک بری تعداد نے شرکت کی، سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے روزنامہ جنت نظیر کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں جب 1973کا آئین منظور ہوا تو اس وقت تمام صوبوں کے قومی نمائندے اکھٹے تھے اور آج اسی طرح جمہوی قوتیں ایک بار پھر پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے اکھٹی ہوئی ہیں جو خوش آ ئند ہے، راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نئی حکومت بننے کے بعد تعمیر نو کے پروگرام میں مسئلہ کشمیر کو کلیدی حیثیت د ی جائے گی اور کشمیریوں کو اعتماد میں لیکر ٹھوس اور جامع کشمیر پالیسی ترتیب دی جائے گی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ گلگت و بلتستان کا فیصلہ کرتے وقت ریاست جموں وکشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو مدنظر رکھنا چاہے، ہمارا آج بھی یہ مطا لبہ ہے کہ گلگت و بلتستان کے لوگوں پر اعتماد کریں اور انہیں آزاد کشمیر کی طرح کا سیٹ اپ دیا جائے، کشمیری محب وطن ہیں کشمیر کے تنازعے پر گلگت کے لوگوں کا حق مت چھینیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنان کی بہت اہمیت ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے سیاسی کارکن آج ناپید ہوتے جا رہے ہیں، اخبارات ایک منظم باوقار معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں، جس پر انہیں توجہ دینی چاہئے۔

واپس کریں