دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقامی ،عالمی تعلقات،کشمیر مسائل بارے تھنک ٹینک قیام،کشمیری نوجوانوں کے لئے روز گار مواقع، صدر آزاد کشمیر کی موجودگی میں تعاون معاہدے پر دستخط
No image اسلام آباد 07اپریل2022( کشیر رپورٹ)مقامی ،عالمی تعلقات،کشمیر مسائل بارے تھنک ٹینک قیام،کشمیری نوجوانوں کے لئے روز گار مواقع، صدر آزاد کشمیر موجودگی میں تعاون معاہدے پر دستخظ کئے گئے ہیں۔ آزاد کشمیرکے صدارتی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری خبر کے مطابق یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر اور سنٹر فار انٹرنیشنل سٹرٹیجک سٹڈیز میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔اس معاہدے پر دستخط آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس میں ہوئے۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری تھے جو اس تھنک ٹینک کے پیٹرن انچیف بھی ہونگے۔ یہ معاہدہ اپنی نوعیت کا پہلا اور جدید تھنک ٹینک ہو گا جو آزاد جموں وکشمیر میں مقامی وبین الاقوامی تعلقات اور کشمیر کے مسائل پر تحقیقی کام کرے گا۔یہ تھنک ٹینک کشمیری نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کر نے کے ساتھ ساتھ ان کی علمی اور تعلیمی قابلیت میں اضافے کے لئے بھی کام کرے گا۔اس تھنک ٹینک کے قیام کا مقصد کشمیر کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک پروفیشنل کو قریب لانا اور تھیوری اور پریکٹس میں توازن پید اکرنا ہے۔ اس تحقیقی ادارے کے توسط سے مفصل سکیورٹی پر بھی تفصیلی کام کیا جائے گا اور ماحولیاتی سکیورٹی، فوڈ سکیورٹی، انرجی سکیورٹی، ہیومن سکیورٹی، ماحولیاتی تبدیلی جیسے موضوعات پر بین الاقوامی سٹینڈرڈ کا تحقیقی کام کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اس جیسے جدید تحقیقی ادارے کے قیام سے آزادکشمیر کی علمی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اورکشمیر یوں کی آواز کو بین الاقوامی اداروں تک سنا جائے گا۔
دریں اثناء آزاد کشمیر یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کمیٹی کا اجلاس چانسلر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی صدارت میں ایوان صدر کشمیر ہائوس میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سینڈیکیٹ کمیٹی کے اجلاس میں بیس نکاتی ایجنڈے پر بحث کی گئی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادکشمیر کی یونیورسٹیز میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی ہے کہ آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی چند بڑی یونیورسٹیز میں ہو رہا ہے۔ میری یہ خواہش ہے کہ اسے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بنانے کے لئے اس پر تیزی سے کام کیا جائے۔ اس کے لئے ہم تمام وسائل مہیا کریں گے۔
واپس کریں