دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مودی کے اصل یار عمران نیازی نے سیاسی،سماجی اقدار کا جنازہ نکال دیا،آزاد کشمیر میں' پی ٹی آئی' زیادہ دیر قائم نہ رہ سکے گی، راجہ فاروق حیدر
No image اسلام آباد (کشیر رپورٹ)سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیرو سابق صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آزادکشمیراورمہاجرین مقیم پاکستان اور بیرون ممالک مقیم کشمیریوں سے کہتا ہوں کہ جو تعریفی اسناد عمران خان نیازی نے ہندوستان اورخاص کرنریندرموودی کو دی ہیں یہ سب کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں، موودی کی جس خارجہ پالیسی کی عمران نیازی تعریفیں کرتا ہے اس کا مرکز مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں، بین الاقوامی قوانین سے انحراف اور ہندوستان میں اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پرپردہ ڈالنا ہے، نومنتخب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی پہلی تقریرپاکستان کی کشمیر پر تاریخی موقف کا احیا تھی ہندوستان کے وزیراعظم کے مبارکباد کے پیغام کے جواب میں بھی وزیراعظم پاکستان کی طرف سے کشمیر پراصولی موقف کو دوہرانا لیگی قیادت کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام اس کی ترجیح ہیں۔
ایک بیان میں سابق وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی نے جس کی تعریف کی بعد میں اسی کو نشانہ بنایا۔آزاد کشمیر میں عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر پروزرا نے کرپشن کے الزامات لگائے ہیں آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کوئی جماعت ہی نہیں تھی، الیکشن سے پہلے لوگوں کو اکٹھا کر کے بنائی گئی جو زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکے گی۔ عدم اعتماد نے اس ساری کہانی کا پول کھول دیا ہے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ موودی کے اصل یارعمران نیازی کا اصل چہرہ سامنے آنے پربیرون ملک کشمیریوں میں سے کوئی بھی عمران خان کی حمایت کا گناہ نہیں کریگا، امریکہ برطانیہ اور یورپ میں ہندوستان کی ساری خارجہ پالیسی کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم،اقوام متحدہ کی قراردادوں پراقوام عالم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے پر قائم ہے جس کی تعریف کرنا کشمیریوں کے قاتل کی حمایت کرنا ہے، کشمیری عوام کو ایسی جماعت اورلیڈر شپ سے جو ان کے قاتلوں کی طرفدارہوکے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہیے۔ راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کا پاسپورٹ جلا رہے ہیں وہ ان ممالک کے بھی پاسپورٹ جلا کر بتائیں جن کی وہ دوہری شہریت رکھتے ہیں، زرمبادلہ لوگ کما کراپنے گھروالوں کو بھیجتے ہیں حکومت پر کوئی احسان نہیں کرتے ہاں ان کا کردار ہے لیکن یہ مطلب نہیں کہ وہ یہ سارا کام حکومت کے لیے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان میں ایک ایسا گروہ تیارکیا ہے جس کو نہ ملکی مفاد کا پتہ ہے نہ اخلاقیات کا، اس نے ہماری سیاسی سماجی معاشرتی اقدار کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے اور ہمارے معاشرے اور اس کی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
واپس کریں