دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
امید ہے نئی پاکستانی حکومت گیس پائپ لائن منصوبے کو جاری رکھے گی، روس
No image ماسکو( مانیٹرنگ رپورٹ) روس نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی سابق حکومت کے دور میں روس اور پاکستان کے درمیان گیس پائپ لائین کے منصوبے کے سمجھوتے پر دستخط ہوئے تھے اور اس حوالے سے روس کو توقع ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے قیام سے پاکستان روس کے ساتھ گیس پائپ لائین منصوبے کو جاری رکھے گا۔
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک سوال جس میں پوچھا گیا کہ کیا روس کو پاکستان میں تبدیل ہونے والی حکومت سے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبہ روکنے کا خدشہ ہے؟ اس بات کا جواب دیتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے کہا کہ پاکستان میں برسر اقتدار آنے والے وزیراعظم شہباز شریف کا تعلق سیاسی جماعت مسلم لیگ نواز سے ہے، جو اکتوبر 2015 میں بھی برسر اقتدار تھی جب روس اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان اس منصوبے نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن جسے بعد میں پاکستان سٹریم کا نام دیا گیا تھا پر دستخط کئے گئے تھے۔ روسی ترجمان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے.اور پاکستانی حکام اس منصوبے کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں۔اس منصوبے سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں جاری بحران ختم کرنے میں مدد ملے گی۔یہ منصوبہ ہمارے لئے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے یہ ہی وجہ ہے کہ ہمیں امید ہے کہ نئی پاکستانی حکومت اس منصوبے پر کام جاری رکھے گی۔. روس نے گزشتہ دور حکومت میں پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کا ٹھیکہ لیا تھا جو کراچی سے لاہور تک 1200 کلومیٹر پر محیط ہے۔
واپس کریں