دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاورموڑ تا اسلام آباد میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا۔
No image اسلام آباد 18اپریل2022(کشیر رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے آج پشاورموڑ سے اسلام آباد میٹرو بس سروس کا افتتاح کیا۔پشاور موڑ تا اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کی توسیع کرتے ہوئے اسے روات تک لے جایا جائیگا جب کہ رمضان کے دوران بس میں سفر کرنے والے شہریوں سے ٹکٹ نہیں لیا جائے گا، اس بس سروس سے روزانہ 50 ہزار شہری مستفید ہوں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ اب اس منصوبے کے لیے پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے 15 بسیں ادھار لی ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے پر ترکی اور چین کے شکر گزار ہیں، یہ منصوبہ گزشتہ چار سال تعطل کا شکار رہا، اس کا تخمینہ 16 ارب تھا، یہ تحفہ اسلام آباد کے باسیوں کو 2017 میں نواز شریف نے دیا، اس منصوبے کو 2018 میں آپریشنل ہونا تھا مگر بدقسمتی سے حکومت تبدیل ہونے پر یہ منصوبہ اور اس جیسے تمام منصوبے کھٹائی کا شکار ہوئے۔
پشاور موڑ سے اسلام آباد ائیر پورٹ تک میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چار سال جس منصوبے پر موت کی کیفیت طاری تھی اس کا 4 دن میں افتتاح کیا، اس منصوبے سے روزانہ ہزاروں مسافر مستفید ہو سکیں گے۔ سابق حکمرانوں کو اگر عوام کا احساس ہوتا تو یہ منصوبہ 4 سال تو کیا 4 گھنٹے تاخیر کا شکار نہ ہوتا۔ سابق وزیراعظم تو ہیلی کاپٹر پر 55 روپے فی کلومیٹر پر آتے جاتے تھے اور وزرا کے پاس بلٹ پروف اور آرام دہ گاڑیاں تھیں، انہیں اس سے کیا غرض تھی کہ غریبوں نے اپنے بچوں کو اسکول لیکر جانا ہے، ماں باپ کو اسپتال لیکر جانا ہے یا محنت مزدوری کے لیے جانا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جب میں وزیراعلی پنجاب تھا کہ پی ٹی آئی کے وکیلوں نے لاہور میٹرو کا منصوبہ ایک سال سے زیادہ تعطل کا شکار کروایا، پی ٹی آئی کے وکلا نے گلے پھاڑ پھاڑ کر کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن ہوئی لیکن ججز نے منصوبے کو قریب سے دیکھا تو اسے کلین چٹ دی۔انہوں نے کہا کہ میرے وزیراعظم بننے سے سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ تو ہو گی لیکن عوام کی گھبراہٹ اب ختم ہو گئی ہے، اب ہم ساری جماعتیں دن رات محنت اور لگن سے عوامی فلاح کے لیے کام کریں گے اور اگر سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ ہوتی ہے تو ہو لیکن میں اسی رفتار سے کام کروں گا جس کا میں عادی ہوں۔
واپس کریں