دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
میر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف کا تحریک آزاد ی کشمیر میں کردار نا قابل فراموش ہے ، صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی) 17اپریل 2022
صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف کا تحریک آزاد ی کشمیر میں کردار نا قابل فراموش ہے میر واعظ ہم سے صرف یہ حسرت لے کر جدا ہوئے کہ ساری ریاست اغیار کے پنجہ غلامی سے آزادی ہو کر پاکستان کا حصہ بن جائے۔ اس عظم مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا قومی کردار ادا کرتے رہیں گے۔خدا ہمیں اپنے اس مشن کی تکمیل کی ہمت دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف شاہ کی برسی کے موقع پراپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ کشمیر ایک عظیم دینی اور سیاسی شخصیت تھے۔ جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک نازک دور میں انہوں نے جس تدبر اور ثابت قدمی سے ریاست کے مسلمانوں کی راہنمائی کی وہ تاریخ میں زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر اورخاص کر سرینگر میں میر واعظ کشمیر کا خاندان ایک مدت سے فروغ اسلام کا مرکز رہا ہے۔ اس خاندان نے دین اشاعت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی فکری اور سیاسی راہنمائی بھی کی۔ اس مرکز سے وادی کشمیر میں تحریک آزادی اور الحاق پاکستان کو بنیاد حاصل ہوئی جس نے آگے چل کر ایک عظیم انقلاب کی صورت اختیار کر لی۔صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میر واعظ کشمیر مولانا محمدیوسف شاہ اور ان کے خاندان نے کشمیری عوام کو دین اسلام سے وابستہ رکھنے اور انہیں آزادی کی نعمت سے ہمکنار کرنے کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں وہ کشمیری عوام کے سچے بہی خواہاں تھے۔جنہوں نے ایک طرف انہیں اسلامی تعلیمات سے نواز نے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تو دوسری طرف انہیں اتحاد اور یگانگت کا درس دیا۔ان کی نگاہ دوربین نے دیکھ لیا تھا کہ مسلمانوں میں جس چیز کی کمی ہے وہ اتحاد اور اتفاق ہے جس کے بغیر کوئی بھی قوم اپنے قومی مقاصد حاصل نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ کشمیر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی لی۔انہوں نے اسلامی ممالک کے دورے بھی کیے۔ قرآن مجید کا کشمیری زبان میں ترجمہ اور تفسیر ان کا ایسا بڑا کارنامہ ہے جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میر واعظ کشمیر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کشمیریوں کی جدوجہد اپنے جائز موقف کیلئے ہے۔ بھارت کو سنجیدگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے میں ہٹ دھرمی ترک کرے۔ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے موجودہ حکومت بین الاقوامی فورم پر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے جو نتیجہ خیز ثابت ہونگی۔کشمیری اپنی منزل ضرور حاصل کر کے رہیں گے۔

واپس کریں