دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عمران خان کے نامزد '' پی ٹی آئی '' آزاد کشمیر کے صدر تنویر الیاس بلا مقابلہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہو گئے
No image مظفر آباد 18اپریل2022( کشیر رپورٹ) ' پی ٹی آئی ' آزادکشمیر کے صدر تنویر الیاس بلا مقابلہ آزاد کشمیر حکومت کے وزیر اعظم منتخب ہو گئے۔ ان کے مقابلے میں کسی نے کا غذات جمع نہیں کئے تھے ، اس کے باوجود ووٹنگ کرائی گئی جس میں تنویر الیاس نے33ووٹ حاصل کئے۔

اپوزیشن نے اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کیا ۔اسمبلی کا اجلاس کافی تاخیر سے شروع ہوا ۔ '' پی ٹی آئی '' کے ارکان اسمبلی کو ایک قافلے کی صورت اسمبلی میں پہنچایا گیا۔ اجلاس کے موقع پر اسمبلی کی عمارت میں داخلے کی کوشش کرنے والے '' پی ٹی آئی '' کے افراد پولیس سے الجھ پڑے اور ان کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

اسمبلی کا بائیکاٹ کرکہ ایوان سے باہر جانے والے اپوزیشن اراکین پر ' پی ٹی آئی ' کے افراد حملہ آور ہوئے اور گالم گلو چ کی۔ اسپیکر اس حرکت کا نوٹس لیں،ہمارے لوگوں کو گیٹ پر روکا گیا ،یہاں سازش کے تحت لوگوں کو لایا گیا جنہوں نے غلط حرکات کی ہیں، اگر ان شرپسند افراد کے خلاف کاروائی نہ ہوئی تو ہم کارکنان کو اسمبلی پہنچنے کی کال دینگے۔

اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان بھی شریک ہوئے،اجلاس میں اپوزیشن لیڈر چودھری یاسین نے کہا کہ مہاراجہ گلاب سنگھ نے خرید کر ریاست بنائی اور آج وزارت عظمی خریدی گئی کوئی باشعور سیاسی کارکن اس عمل کا حصہ نہیں بن سکتا ، اپوزیشن اجلاس کا بائیکاٹ کرتی ہے۔اس کے بعد تمام اپوزیشن ارکان اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسمبلی ہال سے باہر چلے گئے۔

آزاد کشمیر کی اپوزیشن جماعتوں، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پر اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کیا ۔آزاد کشمیر کے سابق سپیکر ، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے آرگنائیزر شاہ غلام قادر نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری لطیف اکبر کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کا آج کا اجلاس غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ اسمبلی اجلاس کی سمری پر وزیر اعظم کے دستخط موجود نہیں ہے ۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ یہاں کھوتے ، گدھے ،گھوڑے سب ایک ترازو میں ہی تولے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ ' پی سی ' ہوٹل کو ' ایم ایل اے ' ہاسٹل کب ڈیکلیئر کیا گیا؟' پی ٹی آئی ' کے ارکان اسمبلی کو سٹیٹ گیسٹ ہائوس کی جگہ ' پی سی ' ہوٹل مظفر آباد میں رکھا گیا ہے۔شاہ غلام قادر نے اسمبلی اجلاس سے خطاب میںکہا کہ سابق وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور آزاد کشمیر اسمبلی کے '' پی ٹی آئی '' ارکان اسمبلی کا مانیٹر بنا ہوا ہے ۔ چھانگا مانگا کی یہ سیاست نہیں چلے گی۔

چودھری لطیف اکبر نے کہا کہ سابق وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے تنویر الیاس کو وزیر اعظم بنوانے کے لئے '' پی ٹی آئی '' نے ہارس ٹریڈنگ کی ہے اور ارکان اسمبلی کو مظفر آباد کے پرل کانٹنیٹل ہوٹل میں یرغمال بناکر رکھا ہوا ہے۔
اپوزیشن لیڈر چودھری یاسین نے کہا کہ '' پی ٹی آئی '' آزاد کشمیر میں پنجاب کی طرح غنڈہ گردی کرنا چاہتی ہے۔

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کی سیاست کا سیاہ ترین دن ہے، ' پی ٹی آئی ' نے پاکستان کی طرح آزاد کشمیر کی سیاست کو بھی گندہ کر کے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح پی ٹی آئی وزیر اعظم تبدیل کر رہی ہے اس طرح لوگ کپڑے بھی تبدیل نہیں کرتے،پی ٹی آئی نے عمران خان کے نامزد وزیر اعظم کو کرپشن کا الزام لگا کر نکالا،سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلوں نے اپوزیشن کے موقف کی تائید کی ہے کہ حکومت نے قانون، رولز آف بزنس کی خلاف ورزی کی ہے۔ فاروق حیدر نے کہا کہ ہم ایک مہنیے کے اندر نیا وزیر اعظم لا سکتے ہیں۔

' پی ٹی آئی ' کے25ارکان اسمبلی نے ' پی ٹی آئی ' ہی کے وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی کے خلاف اسمبلی میں عدم اعتما د کی تحریک جمع کرائی تھی جس کے بعدعبدالقیوم نیازی نے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔تنویر الیاس کو ' پی ٹی آئی' پاکستان کے سربراہ عمران خان نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لئے نامزد کیا تھا۔

آزاد کشمیر کی اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائید کیا تھا کہ تنویر الیاس کو عمران خان کی طرف سے وزیر اعظم نامزد کرانے اور منتخب کرانے میں کروڑوں روپے کا لین دین کیا گیا ہے۔تنویر الیاس اسلام آباد کے سب سے بڑے شاپنگ مال ' سنتورس' کے ارب پتی مالک ہیں۔تنویر الیاس آزاد کشمیر کے گزشتہ سال کے عام انتخابات سے پہلے سیاست میں آئے اور دیکھتے ہی دیکھتے انہوں نے آزادکشمیر کے کئی سیاستدانوں کو اپنے سامنے جھکنے پر مجبور کر دیا۔

اس موقع پر عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ '' آزاد کشمیر میںتحریک انصاف خود اپنے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد لائی تھی، کوئی بتائے گا کہ کیا وہ امریکی سازش تھی یا بھارتی''؟
واپس کریں