دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے حلف لیا
No image اسلام آباد19اپریل2022( کشیر رپورٹ)اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):نئی وفاقی کابینہ کے اراکین نے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں حلف اٹھالیا، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے نئے وفاقی وزرااور وزرامملکت سے حلف لیا۔منگل کو یہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سول و فوجی حکام، حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے قائدین، سیاسی قائدین اور دیگر اہم شخصیات نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔
نئی وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علمااسلام، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ نئی وفاقی کابینہ کی حلف برداری سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے کابینہ کی تشکیل کے لئے مشاورت کی تھی جس کے بعد کابینہ کو حتمی شکل دی گئی۔
صدرمملکت نے وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے قبل ان ناموں کی منظوری دی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نیوفاقی کابینہ کیلئے خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین، خرم دستگیر خان، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، مفتاح اسماعیل، میاں جاوید لطیف، ریاض حسین پیرزادہ، مرتضی جاوید عباسی، اعظم نذیر تارڑ، سید خورشید احمد شاہ، سید نوید قمر، شیری رحمان، عبد القادر پٹیل، شازیہ مری، سید مرتضی محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمن مزاری، عابد حسین، اسد محمود، عبد الواسع، مفتی عبدالشکور، محمد طلحہ محمود، سید امین الحق، سید فیصل علی سبزواری، محمد اسرار ترین، نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور طارق بشیر چیمہ کے ناموں کی بطور وفاقی وزرا منظوری دے دی۔ایوان صدر کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، حنا ربانی کھر اور عبد الرحمن خان کانجو کی بطور وزیر مملکت تعیناتی کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ ساتھ، صدر مملکت نے قمر زمان کائرہ اور انجینئر امیر مقام اور عون چوہدری کی بطور ایڈوائزر تعیناتی کی منظوری دے دی۔
مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد شہباز شریف نے11 اپریل کو ملک کے نئے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا، اس سے قبل قومی اسمبلی نے محمد شہباز شریف کا 174ووٹوں سے پاکستان کے23 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے انتخاب کیا تھا۔

واپس کریں